پاکستان

پی ڈی ایم کو غیر ملکی فنڈنگ کے شواہد ملے ہیں، شیریں مزاری

حکومت کے پاس فنڈنگ کے ٹھوس شواہد ہوں گے تو کارروائی کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوگا، وفاقی وزیر انسانی حقوق
|

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے انکشاف کیا ہے کہ اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو غیر ملکی فنڈنگ ہو رہی ہے اور اس کے شواہد ملے ہیں۔

شیریں مزاری نے ڈان نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ 'پی ڈی ایم کو غیر ملکی فنڈنگ کے ابتدائی شواہد ملے ہیں، فنڈنگ پی ڈی ایم میں موجود لوگوں کو ہو رہی ہے'۔

مزید پڑھیں: 31 دسمبر تک ارکان اسمبلی پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرا دیں، مولانا فضل الرحمٰن

واضح رہے کہ شیریں مزاری کا تفصیلی انٹرویو اتوار کو شام 7 بجے نشر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'حکومت کے پاس فنڈنگ کے ٹھوس شواہد ہوں گے تو کارروائی کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوگا، دیکھتے ہیں کہ چیزیں کیسے سامنے آتی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'فنڈنگ کہاں سے آرہی یہ معاملہ وزارت داخلہ کا ہے' اور مجھے اپوزیشن اتحاد کو فنڈنگ کے حوالے سے شواہد ملنے کا علم ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 'فنڈنگ کے حوالے سے ثبوت کی اطلاع ہے، تعاون کیا جارہا ہے اور سب کو معلوم ہے کہ بیرون ملک پاکستان کے مخالف گروپ موجود ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہر ملک کے مخالف گروپ ہوتے ہیں اور اسی طرح پاکستان سے تعلق رکھنے والے مخالف گروپ بھی باہر ہیں اور جس طرح وہ رہے ہیں آخر کہیں سے تو پیسے مل رہے ہیں'۔

'استعفے کا ڈرامہ'

شیریں مزاری نے کہا کہ 'حکومت، اپوزیشن کے استعفوں کا انتظار کر رہی ہے، اپوزیشن کے استعفے ڈرامہ ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر جمہوری حربہ استعمال کریں گے، پی ڈی ایم

ان کا کہنا تھا کہ 'استعفے دینے ہیں تو پارٹی رہنما کو نہیں اسمبلی کے اسپیکر کو دیں'۔

یاد رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو 31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'پی ڈی ایم اجلاس میں تمام سربراہان نے اپنی اپنی پارٹیوں کا موقف پیش کیا، آج جعلی وزیر اعظم نے ایسے باتیں کیں جیسے وہ نشے میں بول رہے ہوں، وہ ڈائیلاگ نہیں بلکہ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں جبکہ لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے بھی برا حشر کردیا جائے گا'۔

پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جلسہ ہر صورت ہوگا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ 31 دسمبر تک تمام جماعتوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرائیں گے اور استعفے دیے تو ان کی طرح نہیں چاٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ طے کی جائے گی اور ملک میں پہیہ جام ہڑتال، شٹر ڈاؤن کا شیڈول طے ہوگا جبکہ اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں جلسوں اور مظاہروں کا شیڈول بھی طے ہوگا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ ہم مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے معاملات کو آگے بڑھا رہے ہیں، عوام کو مایوس نہیں کریں گے، عوام کا اعتماد خراب نہیں کریں گے جبکہ لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا اور حکومت کے لیے آخری کیل ثابت ہوگا۔

بریک ڈانسنگ اولمپک گیمز میں کھیل کے طور پر شامل

دبئی جانے والے پاکستانیوں کی دردناک کہانی

ویوو کا نیا فلیگ شپ فون ایکس 60 رواں ماہ پیش ہوگا