پشین ضمنی انتخاب میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کامیاب
کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار سید عزیزاللہ آغا نے بلوچستان اسمبلی کی خالی نشست پی بی-20 (پشین 3) پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا معرکہ مار لیا اور اپنے حریف حکمران بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللہ ترین کو بڑی اکثریت سے شکست دی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رات گئے جاری ہونے والی سرکاری نتائج کے مطابق عزیز اللہ آغا نے 16 ہزار 86 ووٹس حاصل کیے جبکہ عصمت اللہ ترین صرف 2 ہزار 963 ووٹ لے سکے۔
جے یو آئی (ف) کے امیدوار کو تمام سیاسی جماعتوں جو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اتحاد کا حصہ ہیں، ان کی حمایت حاصل تھی۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات، کون کس کے مقابلے میں اور کیوں؟
یہی نہیں بلکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) جو اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہے اس نے جے یو آئی (ف) کے امیدوار کی حمایت میں اپنے امیدوار سید عبدالباری کو دستبردار کردیا تھا۔
وہی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار عصمت اللہ ترین کو پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام (نظریاتی) اور دیگر چھوٹے گروہوں کی حمایت حاصل تھی۔
مزید برآں اس ضمنی انتخابات میں نصف درجن سے زائد دیگر امیدوار بھی تھے لیکن وہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔مذکورہ نشست سابق گورنر اور رکن صوبائی اسمبلی سید فضل آغا کے گزشتہ برس کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے پر خالی ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات، سانگھڑ میں پی پی پی امیدوار کامیاب، غیر حتمی نتیجہ
فضل آغا 2018 کے عام انتخابات میں جے یو آئی (ٖف) کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔
حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور 5 بجے تک بغیر کسی رکاوٹ کے شام 5 بجے تک جاری رہے اور سوائے ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوئے تصادم کے مجموعی طور پر یہ پرامن رہی۔
دونوں امیدواروں کے حامیوں کے اس تصادم میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ اطلاعات کے مطابق حریف امیدوار کے حامیوں نے عصمت اللہ ترین کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔
یہ خبر 17 فروری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔