پاکستان

کوئٹہ میں عبدالستار ایدھی کا مجسمہ نصب

نامور سماجی رہنما کی پانچویں برسی کے موقع پر ان کے مجسمے کو بلوچستان کے دارالحکومت کے معروف چوک پر نصب کیا گیا۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شہرت یافتہ سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کا مجسمہ نصب کردیا گیا۔

زندگی بھر انسانیت کی خدمت کرنے والے سماجی رہنما کا فائبر سے تیار کردہ طویل القامت مجسمہ ہاکی چوک پر ان کی پانچویں برسی کے موقع پر نصب کیا گیا۔

عبدالستار ایدھی کا مجسمہ بلوچستان کے آرٹسٹ اسحٰق لہری نے تیار کیا جو 17 فٹ اونچا اور 4 فٹ چوڑا ہے۔

مجسمے کی تقریب رونمائی میں عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی اور بلوچستان کے وزیر داخلہ ظفر اللہ لانگو سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ عام افراد نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: فخر پاکستان عبدالستار ایدھی کو دنیا سے گزرے 5 برس بیت گئے

تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران ظفر اللہ لانگو نے عبدالستار ایدھی کو ان کی فلاحی خدمات کے عوض خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ایدھی صاحب کا انسانیت کی خدمت کا مشن ہر حال میں جاری رہنا چاہیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے بلوچستان کے لوگوں کا والد سے محبت اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کے والد نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کا سفر کرکے انسانیت کی خدمت کی۔

فیصل ایدھی نے مجسمہ تیار کرنے پر اسحٰق لہری اور ان کی مدد کرنے والے ادارے پرائمری ہیلتھ کیئر انسٹی ٹیوٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

آرٹسٹ اسحٰق لہری کو عبدالستار ایدھی کا مذکورہ مجسمہ تیار کرنے میں 3 ماہ لگے اور انہوں نے فائبر سے ان کا مجسمہ تیار کیا۔


یہ رپورٹ 9 جولائی کو ڈان میں شائع ہوئی

ڈیڑھ سال کی تاخیر کے بعد ’کانز‘ فلمی میلے کا انعقاد

غنا علی اداکاروں کے کام کی غیر ملکی پیش کش سے متعلق انکشافات کرنے پر نالاں

ماہرہ خان کی 6 سال بعد ’مہرین‘ بن کر ٹی وی پر واپسی