پاکستان

وزیراعظم شہباز، حمزہ کے خلاف کیس کیلئے ایف آئی اے کا نیا پراسیکیوٹر مقرر

فاروق باجوہ کوکیس میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے اور جلد ہی شرائط اور ضوابط طے کیے جائیں گے، اعلامیہ

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس کے لیے نیا پراسیکیوٹر مقرر کردیا۔

وزارت قانون اور انصاف کی جانب سے 13 مئی کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘فاروق باجوہ کوکیس میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے’۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف، حمزہ شہباز کے خلاف کیس واپس نہیں لیا گیا، ایف آئی اے کی وضاحت

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘شرائط و ضوابط پر فوری عمل درآمد کے لیے مذکورہ وکیل کے ساتھ ایف آئی اے الگ سے معاملات طے کرے گی’۔

لاہور کی خصوصی عدالت میں زیرسماعت 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہوگی جہاں سماعت ہفتے (کل) کو مقرر ہے۔

گزشتہ سماعت میں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور اور دیگر کو ہدایت کی تھی کہ وہ اگلی سماعت میں اپنی حاضری یقینی بنائیں کیونکہ سماعت پھر ملتوی نہیں کی جائے گی۔

تاہم وزیراعظم شہباز شریف اس وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سے ملاقات کے لیے پارٹی کے وفد کے ساتھ لندن میں موجود ہیں۔

ایف آئی اے کا کیس ‘واپس نہ لینے’ کا دعویٰ

فاروق باجوہ کو اسپیشل پراسیکیوٹر مقرر کرنے سے ایک روز قبل ہی ایف آئی اے نے ایک وضاحتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے کے خلاف کیس واپس لینے کی خبریں مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس جاری رکھنے کا فیصلہ ہوچکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے کا شہباز شریف، حمزہ شہباز کےخلاف ٹرائل نہ کرنے کا فیصلہ

ایف آئی اے کے ترجمان نےکہا تھا کہ ‘میڈیا میں ایک جعلی خبر چل رہی ہے کہ لاہور میں ایک سیاسی جماعت کے رہنماؤں کے خلاف کیس واپس لیا، ایف آئی اے مقدمہ درج کرچکا ہے’۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘مقدمہ واپس نہیں لیا گیا، عدالت میں سماعت جاری ہے، اگلی سمات 15 مئی 2022 کو ہے’۔

ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ ‘یہ ایک جعلی خبر ہے، ایف آئی اے یہ جعلی خبر پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتی ہے’۔

وضاحتی بیان میں بتایا گیا تھا کہ ‘درحقیقت 11 اپریل 2022 کو کیس کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں پراسیکیوٹر کی تبدیلی سے متعلق رائے پر مبنی درخواست جمع کرائی تھی کہ جہاں انہیں پراسیکیوشن کی طرف سے پیش نہ ہونے کی ہدایت کی گئی تھی’۔

پراسیکیوٹر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ‘انہوں نے اس وقت کے ڈی جی ایف آئی اور تفتیشی افسر کے توسط سے درخواست دی تھی، انہیں نے مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ بطور پراسیکیوٹر پیش نہ ہوں، یہ کیس واپس لینے کی درخواست کسی صورت نہیں تھی’۔

وفاقی ادارے نے بتایا تھا کہ ’11 اپریل کو اس وقت ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی تھے اور درخواست جمع کرتے وقت نئے وزیراعظم نے حلف نہیں لیا تھا’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘طاہر رائے کو 22 اپریل 2022 کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا گیا، یہ معاملے ان کے ایف آئی اے میں آنے سے پہلے کا ہے’۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے کی درخواست پر شہباز شریف 4 اپریل کو عدالت طلب

ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘پراسیکیوٹر کی تبدیلی کا معاملہ گزشتہ حکومت کے دور میں بھی معمول کا حصہ تھا، اس کیس میں کئی بار پراسیکیوٹر تبدیل کیا گیا’۔

وفاقی ادارے نے درخواست کرتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ اس معاملے میں جعلی خبریں مت پھیلائیں۔

منی لانڈرنگ کیس

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو شوگر اسکینڈل میں منی لانڈرنگ کے کیس کا سامنا ہے، ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ، کرپشن کی روک تھام ایکٹ اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو ان کی آمدنی کے نامعلوم ذرائع سے مال جمع کرنے میں مدد دی۔

ایف آئی اے نے 13 دسمبر 2021 کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے خلاف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا چالان بینکنگ عدالت میں جمع کروایا تھا اور دنوں کو مرکزی ملزم نامزد کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ ریفرنس: شہباز شریف رمضان شوگر مل کے کبھی ڈائریکٹر نہیں رہے، نیب گواہ

ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرایے گئے 7 والیمز کا چالان 4 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی تھی اور کہا تھا کہ ملزمان کے خلاف 100 گواہ پیش ہوں گے۔

چالان میں کہا گیا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم نے 28 بے نامی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا جو 2008 سے 2018 تک شہباز شریف فیملی کے چپراسیوں، کلرکوں کے ناموں پر لاہور اور چنیوٹ کے مختلف بینکوں میں بنائے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق 28 بے نامی اکاؤنٹس میں 16 ارب روپے، 17 ہزار سے زیادہ کریڈٹ ٹرانزیکشنز کی منی ٹریل کا تجزیہ کیا اور ان اکاؤنٹس میں بھاری رقم چھپائی گئی جو شوگر کے کاروبار سے مکمل طور پر غیر متعلق ہیں اور اس میں وہ رقم شامل ہے جو ذاتی حیثیت میں شہباز شریف کو نذرانہ کی گئی۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف، حمزہ شہباز پر 18 فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

چالان میں کہا گیا کہ اس سے قبل شہباز شریف (وزیر اعلیٰ پنجاب 1998) 50 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی منی لانڈرنگ میں براہ راست ملوث تھے، انہوں نے بیرون ملک ترسیلات (جعلی ٹی ٹی) کا انتظام بحرین کی ایک خاتون صادقہ سید کے نام اس وقت کے وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کی مدد سے کیا۔

ایف آئی اے نے کہا تھا کہ ’یہ چالان شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو مرکزی ملزم ٹھہراتا ہے جبکہ 14 بے نامی کھاتے دار اور 6 سہولت کاروں کو معاونت جرم کی بنیاد پر شریک ملزم ٹھہراتا ہے۔

چالان میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز دونوں ہی 2008 سے 2018 عوامی عہدوں پر براجمان رہے تھے۔

صدارتی نظام: عدالت کے پاس سیاسی نظام کی تبدیلی کا کوئی اختیار نہیں، سپریم کورٹ

شمالی کوریا میں پہلی بار کورونا سے 6 اموات، چار لاکھ تک کیسز کی تصدیق

مجھے کہا جاتا ہے آپ کی جان کو بیرونی، اندرونی مافیاز سے خطرہ ہے، عمران خان