پاکستان

دریائے ستلج میں کشتی ڈوبنے سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی

کشتی میں تقریباً 45 افراد سوار تھے جو جمعرات کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر دریا میں الٹ گئی، خواتین اور بچوں سمیت 33 افراد کو بچا لیا گیا، حکام

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر دریائے ستلج میں کشتی ڈوبنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق کشتی میں تقریباً 45 افراد سوار تھے جو جمعرات کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر دریا میں الٹ گئی تھی، کشتی میں سوار 8 مسافروں کا تعلق اوکاڑہ جبکہ 32 کا بہاولنگر سے تھا۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ اب تک خواتین اور بچوں سمیت 33 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد میں 5 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

پی ڈی ایم اے کے اوکاڑہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے آج جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مطابق اب تک 4 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید آٹھ افراد لاپتا ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں 9 ریسکیو کشتیاں، 3 اسکوبا سیٹ اور 3ن فوجی کشتیاں شامل ہیں، پاکپتن اور بہاولنگر کے اضلاع سے بھی نفری نے آپریشن میں حصہ لیا۔

قبل ازیں، پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بچائے گئے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی اور انہیں کوئی جان لیوا زخم نہیں آیا۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ بپھرے ہوئے دریاؤں اور ندیوں کے آس پاس کے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ان علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کی جائے گی تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

سیلاب کی پیش گوئی کرنے والے ڈویژن کے مطابق دریائے ستلج میں سلیمانکی ہیڈ ورکس پر 76 ہزار کیوسک کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

کاش پہلی بیوی سے طلاق نہ ہوتی، جاوید شیخ

’پاکستانی ڈیجیٹل ایپس کو 2022 میں عالمی سطح پر 4 ارب بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا‘

انگلینڈ کی ’بیزبال سوچ‘ کا اصل امتحان آئندہ سال دورہ بھارت میں ہو گا، ناصر حسین