پاکستان

پاک-سعودیہ دفاعی تعاون کا تیسرا اجلاس، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں دونوں ممالک نے دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا، آئی ایس پی آر

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا تیسرا اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے شرکا نے باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ اجلاس میں دونوں ممالک میں فوجی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی اور مشترکہ مقاصد کی تکمیل کے لیے دفاعی اور صنعتی تعاون کی ضرورت پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے تمام شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ فورم نے دفاعی تعاون اور اس کی رفتار بڑھانے کے لیے مزید راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار

پنجاب میں 10ہزار طلبہ کو بلاسود، آسان شرائط پر الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان

ایکواڈور: منشیات گینگ کا سرغنہ جیل سے فرار، ملک میں ایمرجنسی نافذ