پاکستان

کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

شہر قائد میں گہرے بادلوں کا راج ہے جبکہ صبح مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش اور بوندا باندی کے باعث صوبائی دارالحکومت کا موسم خوشگوار ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ شہر گہرے بادلوں کا راج ہے اور صبح مختلف علاقوں میں ہونے والی پھوار سے شہر کا موسم خوشگوار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے اور شہر میں بارش برسانے والا سسٹم اب بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں آج مطلع ابرآلود اور دن میں تیز ہوائیں چلیں گی۔

حکام محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سمندری ہواؤں کی رفتار 15 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ صوبے کے بعض اضلاع میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سےجاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ طاقتور مون سون ہواؤں کا ایک سلسلہ بلوچستان کے شمال وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشور، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ، نوشہرہ فیروز، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، جامشور اور دادو میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی تھی، ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ موسم کی یہ صورتحال 19 اگست تک برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا تھا کہ تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، میاری، ٹنڈ اور محمد خان، کنڈ اور امیار، سجاول کے اضلاع میں 19 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور کراچی کے اضلاع میں آندھی کا امکان ہے۔

گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد اور شکارپور سمیت نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ بارش، تیز ہواؤں، آسمانی بجلی کی وجہ سے کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرسکتی ہیں جب کہ بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کسانوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں جاری رکھیں جب کہ متعلقہ حکام کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ کراچی میں تینوں دن موسم زیادہ تر ابر آلود رہے گا، اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔