پاکستان

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 14 اکتوبر تک توسیع

یہ فیصلہ تجارتی اداروں، ٹیکس بارز اور عام لوگوں کی درخواستوں کے پیش نظر کیا گیا ہے، نوٹی فکیشن جاری

حکومت نے رات گئے ٹیکس سال 2024 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کر 14 اکتوبر کر دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام سے ان لوگوں کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا موقع ملے گا، جنہوں نے 30 ستمبر کی ڈیڈلائن تک گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

اگرچہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے لیکن حکومت عام طور پر آخری تاریخ کو اکتوبر کے آخر تک اور کچھ معاملات میں اس سے بھی آگے بڑھا دیتی ہے۔

ایف بی آر حکام نے گزشتہ روز اس بار توسیع کے امکانات کو تاثر مسترد کر دیا تھا لیکن رات گئے ایک نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ آخری تاریخ بڑھا کر 14 اکتوبر تک دی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ تجارتی اداروں، ٹیکس بارز اور عام لوگوں کی درخواستوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

تاجروں نے پہلے آئیرس پورٹل کے مسائل کی وجہ سے آخری تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

ایف بی آر کو 30 ستمبر 2024 تک تقریباً 36 لاکھ 60 ہزار انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے ہیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران موصول ہونے والے 19 لاکھ 50 ہزار کے مقابلے میں 87.9 فیصد زیادہ ہے۔

پچھلے ٹیکس سال(2023) کل 62 لاکھ 40 ہزار ریٹرن فائل کیے گئے تھے۔

ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق یکم جولائی سے 30 ستمبر 2024 کے درمیان 3 لاکھ 40 ہزار 473 نئے فائلرز نے گوشوارے جمع کروائے ہیں۔

واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ملک میں زیرو ٹیکس فائلرز کے حوالے سے مشکل صورتحال کا سامنا ہے، جن کی تعداد ٹیکس سال 2023 میں کل انکم ٹیکس گوشواروں کے 68 فیصد کی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔