پاکستان

اسکردو: گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی، 5 افراد جاں بحق

مسافر اسکردو سے مقامی گاؤں جارہے تھے، پہاڑی تودا گرنے کے نتیجے میں گاڑی ملبے تلے دب گئی، ریسکیو اہلکار

گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو کے علاقے روندو ملوپا کے قریب گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے ریسکیو اہکاروں کے حوالے سے بتایا کہ ’ بدقسمت گاڑی اسکردو سے شنگس جارہی تھی جب اچانک اس پر ایک بڑا پہاڑی تودا آگرا۔’

پولیس نے واقعے کو ’دلخراش‘ قرار دیا اور کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے والی گاڑی میں سوار مسافروں کو بچنے کا کوئی موقع نہیں ملا۔’

رپورٹ کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ ہوئی اور سرچ آپریشن شروع کردیا، آپریشن کے دوران حکام نے افسوسناک واقعے میں کم از کم 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی، حادثے میں جاں بحق مقتولین کی شناخت تاحال جاری نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں مون سون بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے گلگت بلتستان اور استور کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔

اقوام متحدہ نے رواں سال ہونے والی مون سون بارشوں کے نتیجے میں تقریباً 2 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے سب سے زیادہ دوچار ہیں، رواں سال ملک میں 1961 کے بعد اپریل کے مہینے میں سب سے زیادہ 59.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اپریل میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخوا میں زیادہ تر مقامات پر آندھی، مکانوں کے گرنے اور لینڈ سلائیڈز کے باعث کم از کم 144 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔