• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان کے اکثر شہروں میں بارش اور برفباری، موسم مزید سرد

شائع January 9, 2014
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقوں نیاٹ ویلی ،بابو سر اور بٹوگا ٹاپ میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقوں نیاٹ ویلی ،بابو سر اور بٹوگا ٹاپ میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

اسلام آباد: پاکستان کے بیشتر شہر ان دنوں شدت سردی کی لیپٹ میں ہیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان میں برفباری سے سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی یہ لہر بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوئی، جس کی وجہ سے کراچی سمیت صوبہ پنجاب اور ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک سردی کی اس نئی لہر میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

گزشتہ روز دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں سردی میں بھی اضافہ ہوگیا۔

اس کے علاوہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور جو صبح ہوتے ہی بادلوں کی لپیٹ میں رہا اور بعد ہونے والی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔

ملک کے بالائی علاقوں خصوصاً مری اور مظفرآباد میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد وہاں آنے والے سیاحوں کی تفریح دوبالا ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ ایبٹ آباد، اسکردو، پاراچنار، ڈی جی خان، خیرپور اور مانسہرہ میں بھی بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، جبکہ کچھ علاقوں میں برف کی وجہ سے ذرائع نقل و حمل بھی متاثر ہورہے ہیں، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی گزشتہ روز تیز ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور اور اس کے گرد و نواح میں ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہے گا۔

تاہم آج جمعرات کو پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بارش کے بعد موسم صاف ہے۔

گزشتہ روز پشاور میں 5.2 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسی طرح پاراچنار میں انیس، بنوں میں دو، رسالپور پانچ، سیدو شریف ایک، بالاکوٹ نو اعشاریہ دو، چراٹ سات، ڈی آئی خان ایک، دروش میں ایک، کاکول میں بھی نو اعشاریہ دو، کالام دس، پٹن سات، میرکنی ایک اعشاریہ آٹھ، کوہاٹ دو اور مالم جبہ 11ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں پاراچنار میں 4 انچ برف باری ہوئی، اسی طرح دیر میں 1.1 انچ، مالم جبہ میں 5 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024