• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سنجے کے پیرول میں تیسری بار توسیع

شائع February 19, 2014 اپ ڈیٹ February 20, 2014
بولی وڈ اداکار سنجے دت اس وقت پونی کی یرواڈا جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔- اے ایف پی فوٹو
بولی وڈ اداکار سنجے دت اس وقت پونی کی یرواڈا جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔- اے ایف پی فوٹو

بولی وڈ کے منا بھائی سنجے دت کے پیرول میں لگا تار تیسری مرتبہ ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق سنجے دت کو کینسر میں مبتلا ان کی بیوی مانیتا کی دیکھ بھال اور علاج کی غرض سے 21 دسمبر کو ایک ماہ کیلئے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

تاہم بعد میں انہوں نے اس میں ایک ماہ کی توسیع کروالی تھی جس کے بعد انہوں نے ایک مرتبہ پھر پونا کے ڈویژنل کمشنر کو اپنے پیرول میں توسیع کی درخواست کی تھی، کمشنر پونا نے قانون کے مطابق ممبئی میں متعلقہ تھانے سے تصدیق مانگی۔

پولیس اہلکاروں نے بھی جلد ہی معاملات کی توثیق کردی جس کے بعد سنجے کے پیرول میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے اور اب وہ 21 مارچ تک آزاد ہواؤں میں سانس لے سکیں گے۔

انڈین لاء کے مطابق کسی بھی مجرم کو سزا سنانے کے بعد پیرول میں نوے دن تک کی توسیع کی جاسکتی ہے اور اس پیرول کی توسیع کے بعد سنجے دت کے نوے دن پورے ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ نے مارچ دو ہزار تیرہ میں بولی وڈ اداکار کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سنجے دت کو غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا مجرم پایا تھا اور چھ سال کی سزا سنائی تھی جسے بعد میں سپریم کورٹ نے کم کر کے پانچ سال کر دیا تھا۔

اس سے قبل وہ اپنی پانچ سال کی سزا میں سے 18 ماہ قید بھگتا چکے ہیں اور بقیہ سزا وہ یرواڈا جیل میں کاٹ رہے ہیں, انہیں سولہ مئی دو ہزار تیرہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سنجے دت کو 1993 کے بم دھماکوں میں ملوث ملزمان کا اسلحہ گھر میں چھپانے کے جرم میں 2006 میں ٹاڈا عدالت کی جانب سے چھ سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

ان دھماکوں کے نتیجے میں 257 افراد ہلاک جبکہ 713 زخمی ہوگئے تھے، انہیں حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے تو بری کر دیا گیا تھا لیکن سنجے غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں قصوروار پائے گئے۔

بشکریہ ہندوستان ٹائمز

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024