دھونی کے پاس تین ورلڈ کپ ٹائٹلز جیتنے کا نادر موقع
اسلام آباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے قائد اور مایہ ناز بلے باز مہندرا سنگھ دھونی ایک اور منفرد ریکارڈ سے صرف ایک قدم کی دوری پر ہیں۔
اگر ہندوستانی ٹیم بنگلہ دیش میں جاری پانچویں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں اتوار کو سری لنکا کو فائنل میں شکست دینے میں کامیاب ہوئی تو دھونی تین ورلڈ کپ جیتنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن جائیں گے۔
دھونی کو اگر خوش قسمت کپتان کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا ان کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم عروج پر پہنچی ہے۔
دھونی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے پہلی بار 2007ء میں افتتاحی ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس کے بعد دھونی کی قیادت میں ہی ہندوستانی ٹیم 2011ء میں ون ڈے ورلڈ کپ کی چیمپئن بنی تھی، ہندوستانی ٹیم نے 2013ء میں چیمپئنز ٹرافی بھی دھونی کی قیادت میں جیتی تھی اور اس کے ساتھ ہی دھونی آئی سی سی کی تین ٹرافیاں جیتنے والے پہلے کپتان بنے تھے، اب ایک اور ریکارڈ دھونی کے ریکارڈ کا منتظر ہے۔
سری لنکا کے خلاف ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ جیتنے کے ساتھ ہی دھونی تین ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ جیتنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن جائیں گے۔
آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور کلائیو لائیڈ کو بھی دو، دو بار ورلڈ ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔