• KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm
  • KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm

پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو 'سب سے زیادہ ترجیح' دیتا ہے، وزیراعظم

شائع April 11, 2014
وزیر اعظم محمد نواز شریف باؤ فورم برائے ایشیاء 2014 ء کے سالانہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں، آن لائن فوٹو۔۔۔۔
وزیر اعظم محمد نواز شریف باؤ فورم برائے ایشیاء 2014 ء کے سالانہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں، آن لائن فوٹو۔۔۔۔

باؤ : وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات مثالی ہیں اور پاکستان چین کے ساتھ اس رشتے کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔

پاکستان اور چین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے دوطرفہ تعلقات اور مختلف منصوبوں میں تعاون پر مبنی تعلقات کے باہمی اعتماد کے معیار کو مزید بلند کیا جائے گا۔

یہ اتفاق رائے باؤ فورم کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف اور چینی وزیراعظم لی کی کیانگ کے درمیان ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے چینی وزیراعظم اور چین کی لیڈر شپ کو 14 ویں ڈی ایف اے فورم کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ باؤ فورم چین کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے معاونت اور حصہ داری کی عمدہ مثال ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاک چین باہمی تعلقات کا مجموعی احاطہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت پر اتفاق کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی نہ صرف چین اور پاکستان کے لئے فائدہ مند ہے بلکہ اس کے اثرات پورے خطے پر رونما ہوں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے چینی وزیراعظم لی کی کیانگ پر زور دیا کہ چینی کمپنیوں کی پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

چینی وزیراعظم لی کی کیانگ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی باؤ فورم میں شرکت کو سراہا اور ایک مرتبہ پھر اس عزم کو دوہرایا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فوقیت دیتا ہے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون اور شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لئے بھی عزم کا اظہار کیا۔

چینی وزیراعظم لی کی کیانگ نے چین سے متعلقہ دہشت گردی، انتہاء پسندی اور علیحدگی پسندی جیسے بنیادی معاملات پر پاکستان کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے بھرپور سپورٹ جاری رکھے گا۔

انہوں نے پاکستان کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف قربانیوں کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ ان مسائل کے خلاف چین کی پاکستان کو ہمیشہ معاونت حاصل رہے گی۔

چینی وزیراعظم نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پی ای سی) کو دونوں ممالک کی قیادت کا مشترکہ وژن قرار دیا اور کوریڈور پروجیکٹ کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کوریڈور جلد عملی طور پر شروع ہو جائے گا اور اس کے واضح ثمرات بھی ابھریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے متفقہ ٹائم فریم کے معاملہ پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ حکام کو ٹھوس نتائج کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے دوطرفہ تعلقات اور مختلف منصوبوں میں تعاون پر مبنی تعلقات کے باہمی اعتماد کے معیار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025