خیبر ایجنسی: نیٹو کنٹینرز پر حملہ، دو ڈرائیور ہلاک
جمرود: خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں نیٹو گاڑیوں پر عسکریت پسندوں کے تازہ حملوں میں مزید دو ڈرائیور ہلاک جبکہ دو لاپتہ ہوگئے ۔
پولیٹیکل حکام کے مطابق پیر کو جمرود میں پاک - افغان شاہراہ پر درجنوں مسلح افراد نے افغانستان جانے والی نیٹو گاڑیوں پر پر بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ڈرائیور طارق خان اور رحمان علی موقع پر ہلاک ہوگئے۔
دونوں لاشوں کو پولیٹیکل انتطامیہ نے ورثاء کے حوالے کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد نیٹو گاڑیوں، جن پر فوجی گاڑیاں لدی ہوئی تھیں، پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
ذرائع کے مطابق دو ڈرائیور ابھی تک لاپتہ ہیں جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
اطلاع ملنے پر پولیٹیکل انتظامیہ کے خاصہ دار اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر امدادی کاروائیاں شروع کردیں۔
اس دوران پاک -افغان شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم آگ پر قابو پانے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔