کنیریا کی تاحیات پابندی کے خلاف اپیل مسترد
لندن: برطانیہ کی ایک عدالت نے پاکستانی اسپنر دنیش کنیریا کی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے عائد تاحیات پابندی کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔
ای سی بی نے 2012ء میں کنیریا پر سپاٹ فکسنگ الزام کے پیش نظر تاحیات پابندی عائد کی تھی۔
پابندی کی وجہ سے کنیریا آئی سی سی سے الحاق شدہ ممالک میں سے کسی میں بھی کرکٹ نہیں کھیل سکتے لیکن اس کے باوجود وہ امریکا میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
ای سی بی فیصلے کے خلاف کنیریا نے گزشتہ سال بھی اپیل دائر کی تھی، جسے مسترد کر دیا گیا۔
تاہم کنیریا نے خود کو بے گناہ ثابت کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں اور برطانیہ میں کمرشل کورٹ سے رجوع کیا۔
یہاں پر بھی ان کی شنوائی نہ ہوئی اور عدالت نے ان کی اپیل مسترد کر تے ہوئے ان پر عائد تاحیات پابندی کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔
کنیریا نے کہا ہے کہ انہیں اپیل مسترد ہونے پر بے حد مایوسی ہوئی تاہم وہ خود کو بے گناہ ثابت کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
کنیریا پرامید ہیں کہ انہیں ایک دن انصاف ضرور ملے گا۔