آفریدی کو کپتان دیکھنا چاہتا ہوں، شعیب اختر
اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے ورلڈ کپ 2015 کے لیے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی بطور کپتان تقرری کی حمایت کردی۔
میگا ایونٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں آفریدی کو قومی ٹیم کی قیادت کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ آفریدی بلے باز نہیں ہیں لیکن وہ ایک اچھے باؤلر ہیں اور کرکٹ میں ان کا جارحانہ رویہ انہیں قومی ٹیم کا کپتان بنانے کے لیے کافی ہے۔
حال ہی میں مقرر کیے جانے والے ہیڈ کوچ وقار یونس کے بارے میں شعیب کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل رہے ہیں اور انہیں ڈریسنگ روم میں ایک والد کی طرح کھلاڑیوں کی دیکھ بھال کرنی چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کو ڈیل کرنے کا مختلف طریقہ ہوتا ہے جہاں کچھ کے ساتھ سختی کرنی پڑتی ہے تو کچھ کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف نے کہا کہ وقار کو کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے چھوٹے بھائیوں کی طرح پیش آنا چاہیئے کیوں کہ کوچ کی جانب سے تنقید ایک کھلاڑی کے حوصلوں کو پست کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وقار ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور ٹیم کی ضروریات کے مطابق فیصلے کریں گے۔
تبصرے (2) بند ہیں