روم ماسٹرز: اعصام، ثانیہ کا فاتحانہ آغاز
روم: پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے روم ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
اٹلی کے دارلحکومت روم میں جاری ایونٹ کے مینز ڈبلزکے پہلے راؤنڈ میں پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے انڈین جوڑی دار روہن بوپنا کا مقابلہ رومانیہ کے ہوریا ٹیکایو اور ان کے ہالینڈ کے جوڑی دار جولین جین راجر سے تھا۔
پاک –انڈیا جوڑی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف جوڑی کو پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود اگلے دونوں سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔
پاک - انڈیا جوڑی کی فتح کا سکور3-6، 6-3 اور 11-9 رہا۔
دوسری جانب، ثانیہ مرزا بھی ٹورنامنٹ کے ویمنز ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں ۔
انڈیا کی ثانیہ مرزا اور ان کی زمبابوین جوڑی دار کارا بلیک نے پہلے راؤنڈ میں سوئس سٹار مارٹینا ہینگس اور جرمنی کی سابین لیسیکی پر مشتمل جوڑی کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 6-4، 2-6 اور 10-8 سے شکست دی۔