'میرا مقصد ایوارڈز ہرگز نہیں'
بولی وڈ کے ہدایت کار مہیش بھٹ نے کہا ہے کہ ان کے لیے آسکر ایوارڈ سے ضروری مداحوں کی آراء ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق فلمساز مہیش بھٹ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ فلمیں ایوارڈ حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ مداحوں کیلئے بناتے ہیں اور ان کی آراء ان کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
بھٹ کا کہنا تھا کہ وہ مداحوں کے دلوں پر فلموں کے ذریعے بسیرا کرنا چاہتے ہیں۔
فلمساز نے اپنی نئی فلم 'سٹی لائٹس' کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی کہانی ان دیکھے لوگوں کی ہے جو شہر کے نظام کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے مدد کرتے ہیں اور بطور شہری اپنا اہم کردار نبھاتے ہیں۔
انہیں امید ہے کہ فلم مداحوں میں پذیرائی حاصل کرے گی اور جلد ہی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
واضح رہے کہ مہیش بھٹ اب اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ رہے ہیں اور بطور اداکار اپنی پہلی فلم 'سدھارتھ' میں بدھ راہب کا کردار ادا کریں گے۔