یونس ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہش مند
لاہور: پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نے اگلے سال ورلڈ کپ میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
خان کا ماننا ہے کہ ایک دہائی سے زائد عرصہ تک کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے وہ ون ڈے سکواڈ میں جگہ پانے کے مستحق ہیں۔
سیلکٹرز نے چھتیس سالہ خان کو مارچ، 2013 کے بعد سے نظر انداز کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے وہ اب تک ایشیا کپ، چیمپئنز ٹرافی اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو ون ڈے سیریز سمیت بتیس میچ مس کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ جبری طور پر سائیڈ لائن کیے جانے کے بجائے خود ہی کھیل سے ریٹائر ہونا چاہیں گے۔
منگل کو صحافیوں سے گفتگو میں خان نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کھیل سے عشق اور وقت پر منحصر ہوتا ہے۔
'اس سے پہلے کہ مجھے زبردستی باہر نکالا جائے، میں اگلے دو سالوں تک قومی ٹیم کی نمائندگی اچھے انداز میں کرنے کے بعد خود ہی چلا جاؤں گا'۔
سابق کپتان نے بتایا کہ انہوں نے ون ڈے یا ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں سوچی۔ انہوں نے کہا وہ یقینی طور پرورلڈ کپ کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔
یاد رہے کہ تجربہ کار بلے باز نے 253 ون ڈے میچوں میں 31.88 رنز کی اوسط سے 7014 رنز بنا رکھے ہیں، جس میں چھ سنچریاں اور 48 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم میں شامل یونس خان کا شمار قومی تربیتی کیمپوں کے سب سے فٹ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں بھرپور محنت کررہے ہیں اور ان کی فٹنس بہترین ہے۔
یونس کے مطابق ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ٹریننگ میں جونیئر کھلاڑیوں کے لئے رول ماڈل بنیں۔
سری لنکا کے خلاف سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ بہت دلچسپ ہو گا اور نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے۔
'سری لنکا میں موسم گرم ہوگا تاہم قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھلاڑی بھی گرم موسم میں ٹریننگ کررہے ہیں جس کا فائدہ ہوگا'۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم کے دورہ ہندوستان سے دونوں ملکوں کے مابین کرکٹ سیریز کی بحالی میں مدد ملے گی۔