ہندوستان نے کوئی چارج شیٹ نہیں دی، سرتاج
اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی کی نئی دہلی میں اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات میں انہیں چارج شیٹ تھمانے کے تاثر کی تردید کی ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کو ہندوستانی وزیر اعظم نے پاکستان کو کوئی چارج شیٹ پیش نہیں کی اور دونوں وزرائے اعظم نے مشترکہ مسائل کے حامل تمام معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہنودستانی ہم منصب نریندرا مودی کے ساتھ ملاقات توقع سے زیادہ بہتر رہی، دونوں وزرائے اعظم نے جامع مذاکرات کیے اور تمام تصفیہ طلب ایشوز کا جائزہ لیا۔
بدھ کو یہاں دفتر خارجہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا واضح موقف ہے اور اس کے حل کے بغیر پائیدار امن کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
سرتاج نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اعلان لاہور کی روشنی میں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں اور مذاکراتی عمل میں پیشرفت کے لئے دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریز کے درمیان بات چیت جلد دوبارہ شروع ہوگی۔
'پاکستان اور ہندوستان نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا'۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے یہ دورہ ایک واضح سوچ کے ساتھ کیا جس کا مقصد ہرگز فوٹو سیشن نہیں تھا۔ اس سوچ کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ترقی اور معیشت کی بحالی کی ضرورت ہے۔ معاشی بحالی کے بغیر ہم غربت اور بیروزگاری جیسے مسائل سے چھٹکارا نہیں پا سکتے۔