میثاق جمہوریت کی خاطر انتخابی نتائج قبول کیے، زرداری
نوشہرہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور ہم ایسی کسی سوچ کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے جمہوریت پٹڑی سے اترے۔
ان خیالات انہوں نے خٹک باغ نوشہرہ میں انجینئر طارق خٹک کی رہائش گاہ پر انٹر پارٹی انتخابات کیلئے منعقدہ ورکرز کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت سابق وفاقی وزیر میاں مظفر شاہ نے کی۔
سابق صدر مملکت نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور ہم نے جمہوریت کے تسلسل اور محترمہ بے نظیر کی میثاق جمہوریت کے معاہدے کی پاسداری کی خاطر انتخابی نتائج قبول کیے تاکہ ملک میں جمہوری عمل جاری رہے اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں۔
اس موقع پر زرداری نے خبردار کیا کہ پیپلز پارٹی ایسی کسی سوچ کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے جمہوریت پٹڑی سے اترے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ایوان صدر میں رہنے کے باعث خیبرپختونخواہ اور باقی صوبوں کے کارکنوں سے میرا رابطہ کٹ چکا تھا لیکن میں خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے حالات سے بے فکر نہیں ہوں میری تمام صورتحال پر نظریں ہیں۔
آصف علی زرداری نے ٹیلی فونک خطاب میں مزید کہا کہ ہم نے اس سوچ کے خلاف طویل جنگ کااعلان کیا جس سوچ نے ہماری بے نظیر بھٹو کو 'شہید' کیا اور اب بھی وہ جنگ جاری ہے۔
انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں پیپلزپارٹی کے چھوٹے چھوٹے گروپ آپس میں لڑنا چھوڑ دیں اور مرکزی اور صوبائی قیادت سے مطالبہ کیا کہ پارٹی میں انتخابات وارڈ سے لے کر صوبائی کابینہ تک کیے جائیں۔
ورکرز کنونشن میں سابق گورنر خیبرپختونخواہ بیرسٹر مسعود کوثر، سابق سپیکر صوبائی اسمبلی عبدالاکبر خان، سابق وفاقی وزیر میاں مظفر شاہ ایڈوکیٹ، یاور نصیر، طاہر عباس، سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان، انجینئر طارق خٹک سمیت کئی صوبائی ومرکزی رہنما اور سابق ضلعی صدور نے خطاب کیا۔
تبصرے (2) بند ہیں