یونس خان سنٹرل کانٹریکٹ کی 'اے' کیٹیگری میں شامل
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کے رولز اور یونس خان کو 'بی' کیٹیگری دینے کا نوٹس لے لیا ۔
انہوں نے اس حوالے سے سنٹرل کنٹریکٹ کے قوانین میں ترمیم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
پی سی بی کے چیئرمین نے سنٹرل کنٹریکٹ قوانین میں ضروری ترمیم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں جو کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو موجودہ سنٹرل کنٹریکٹ میں 'بی' کیٹگری دیئے جانے کے بعد دیں ۔
اس حوالے سے سنٹرل کنٹریکٹ کے قوانین میں ترمیم کی جارہی ہے جس کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی کھیل کے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کے لئے 300 سے زائد میچ کھیل چکا ہو اور اس کے ساتھ ساتھ تینوں فارمیٹ میں کپتانی بھی کرچکا ہو تو وہ سنٹرل کنٹریکٹ میں 'اے' کیٹیگری حاصل کرنے کا حق دار ہو گا۔
پی سی بی کی اسی ترمیم شدہ شق کے مطابق اب قومی ٹیم کے سٹار کھلاڑی کو 'بی' کیٹیگری سے "اے" کیٹیگری میں شامل کر لیا جائے گا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے لئے ذاکر خان، معین خان اور محمد اکرم پر مشتمل کمیٹی نے سنٹرل کنٹریکٹ کے قوانین کی تشکیل کے لئے بہتر انداز میں کام کیا مگر اس حوالے سے انہوں نے فٹنس اور ٹیم کے لئے کھلاڑی کی پرفارمنس جیسے اہم نکات پر بھرپور توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے یونس خان جیسے سٹار کھلاڑی کو بھی نظر انداز کر دیا گیا جو اپنی فٹنس اور کارکردگی کے حوالے سے 'کیٹیگری' کے حقدار تھے۔
واضح رہے کہ یونس خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مجموعی طور پر 89ٹیسٹ میچ 253 ون ڈے اور 25 ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی قیادت کرچکے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ 2009 میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے والے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔