حاجیوں کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت اس سال حج پر جانے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح کوشاں ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ریڈیو پاکستان سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال ایک لاکھ تینتالیس ہزار افراد فریضٔہ حج ادا کریں گے۔
سردار یوسف نے کہا کہ ان کی وزارت حاجیوں کو رہائش کی مناسب سہولیات فراہم کرنے کے لیے شفاف طریقہ اپنائے گی، جبکہ باون ہزار حاجیوں کے لیے سفری اور رہائشی انتظامات پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر حج پیکج میں پہلے ہی تئیس ہزار روپے کی کمی کی جا چکی ہے، جس کا مقصد حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری وزارت نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی حجاج سے سعودی عرب میں ان کے قیام کے دوران کھانے پینے کی مد میں رقم نہ لی جائے۔
عمرہ کی فیس میں اضافے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ عمرے کے انتظامات پرائیویٹ ٹور آہریٹر کی جانب سے کیے جاتے ہیں، لیکن ہماری وزارت اس مسئلے کو بھی سعودی حکام کے سامنے اُٹھائے گی۔