اے ایس ایف اہلکاروں کے اہلِ خانہ میں امدادی چیک تقسیم
اسلام آباد: کل بروز جمعہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحومین کے ایصال ثواب کےلیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اے ایس ایف کے اہلکاروں کے خاندانوں میں امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کیے۔
نواز شریف نے کہا کہ اے ایس ایف کے اہلکاروں نے مادر وطن کا تحفظ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شہری ہوا بازی کیپٹن (ر) شجاعت عظیم، سیکرٹری ایوی ایشن محمد علی گردیزی اور ڈی جی اے ایس ایف بریگیڈیئر محمد اعظم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں سے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ان اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قومی اثاثوں کا تحفظ کیا، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔