میانداد کا پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر اصرار
اسلام آباد : بیٹنگ لیجنڈ جاوید میانداد نے زور دیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا انعقاد ملک کے اندر ہی ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک مرتبہ اس کا آغاز ہوجائے گا تو مستقبل میں متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں کو اس کی جانب متوجہ کیا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں بتایا تھا کہ پی ایس ایل کے لیے کام مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ برس جنوری کے دوران متحدہ عرب امارات میں اس کا انعقاد کرایا جائے گا۔
اس بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا "پی ایس ایل کے میچز پاکستان کے اندر کھیلے جانے چاہئیں، کیونکہ یہ ہماری اپنی لیگ ہے۔ اگر یو اے ای میں اس کا انعقاد ہوا تو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا امکان پیدا نہیں ہوسکے گا"۔
انہوں نے کہا کہ "کم از کم پی سی بی آغاز تو کریں اور دیکھے کہ پاکستان میں یہ ایونٹ کیسا چلتا ہے، مجھے یقین ہے کہ ایک مرتبہ جب لیگ کا آغاز ہوجائے گا تو یہ متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنی جانب کھینچ لے گی"۔
ماضی میں پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل رہنے والے جاوید میانداد نے مزید کہا "ہمیں اپنے ڈومیسٹک پلئیرز کو قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پی ایس ایل میں اکھٹا کرنا ہوگا، کیونکہ اعلیٰ درجے کے حریف کھلاڑیوں سے مقابلہ کرکے مقامی کھلاڑیوں کا حوصلہ اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا "ہماری قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی انٹرنیشنل کرکٹرز سے کم نہیں اور وہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں"۔
پی سی بی کی جانب سے 2015ء سے 2023ء تک پاکستان اور ہندوستان کے درمیان چھ دو طرفہ سیریز سے بھاری آمدنی کی توقع ظاہر کیے جانے پر جاوید میانداد نے کہا کہ اگر یہ مقابلے واقعی منعقد ہوجائیں تو یہ اچھا ہوگا۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ "یہ صرف پیسے کے لیے نہیں بلکہ لوگ ان دونوں ٹیموں کا ٹکراﺅ دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ مقابلوں کا انعقاد موجودہ وقت کی ضرورت ہے"۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ پی سی بی سربراہ کے دور میں قائم کی گئی سابقہ معروف کرکٹرز پر مشتمل کمیٹی کو دوبارہ آگے لایا جائے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ میں نے اس کمیٹی کی سربراہی کی ہے اور وہ بہت فائدہ مند ثابت ہوئی تھی۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ پاکستانی کرکٹ کے مسائل چھ ماہ کے اندر حل کرسکتے ہیں۔
جاوید میانداد نے مزید کہا کہ وہ نجم سیٹھی کو ایک ایسا فارمولہ بھی دے سکتے ہیں جس سے وہ پاکستانی کرکٹ کو واپس اپنے ٹریک پر لاسکیں۔
تبصرے (3) بند ہیں