بحرالکاہل سے اٹھنے والا سمندری طوفان جاپانی ساحل سے ٹکرا گیا
ٹوکیو: بحرالکاہل سے اٹھنے والا سمندری طوفان ’’نیوگوری‘‘ جاپانی ساحلوں سے ٹکرا گیا۔
جاپان گزشتہ کئی دہائیوں سے شدید سمندری طوفانوں کا سامنا کرتاچلا آرہاہے اور گزشتہ روز بحرالکاہل سے اٹھنے والا سمندری طوفان نیوگوری جاپان کے ساحلی جزائر اوکی ناوا سے ٹکرا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 250 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں تباہی مچانے والی ہیں اور حکام کی جانب سے ماہی گیروں کو واپس بلانے سمیت 55ہزار مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی۔
دوسری جانب مائیاکو جزائر پر آباد 4 لاکھ سے زیادہ افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نیو گوری کے خدشات کے پیش نظر امریکی کینیڈین ایئر فورس کے وہاں موجود طیاروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے دوران سمندری لہریں 14 میٹر تک بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
اس سے قبل اتنی بلند لہریں 2011ء میں آنے والے سمندری طوفان کے دوران اٹھی تھیں۔