جنوبی افریقہ، سری لنکا میں پہلی ون ڈے سیریز میں کامیاب
ہمبنٹوٹا: کوئنٹن ڈی کوک اور اے بی ڈی ویلیئرز کی شاندار سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو آخری ون ڈے میں 82 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سری لنکن سرزمین پر سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ہفتہ کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقن قائد اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 339 رنز بنائے۔
یہ جنوبی افریقہ کا سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچوں میں بڑا سکور تھا جبکہ یہ اس گراؤنڈ پر بھی اب تک کیا گیا سب سے بڑا اسکور تھا۔
ہاشم آملا آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو سیریز کی لگاتار تیسری سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم انہوں نے پہلی وکٹ کے لیے ڈی کوک کے ساتھ 118 رنز کی شراکت قائم کی۔
![]() |
ایک سو 28 رنز بنانے والے کوئنٹن ڈی کوک کی یہ گزشتہ چھ ایک روزہ میچز میں چوتھی سنچری تھی۔ فوٹو رائٹرز. |
کوئنٹن ڈی کوک نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور بنائی اور 128 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد سنانائیکے کی نشانہ بنے۔
کپتان ویلیئرز نے بھی ڈٹ کر سری لنکن باؤلرز کا مقابلہ کیا اور سنچری سکور مکمل کی، وہ 108 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں جاک کیلس 4 اور جے پی ڈومینی 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رنگنا ہیراتھ اور مینڈس نے دو، دو جبکہ سینا نائیکے نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44.3 اوورز میں 257 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کپتان اینجیلو میتھیوز کے سوا سری لنکا کا کوئی بھی بلے باز خاظر خواہ اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا، میتھیوز 58 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔
سری لنکن بیٹنگ لائن میں کوسل پریرا 37، دلشان 30، سنگاکارا 36، پری ینجن 30، مہیلا جے وردھنے 2، تھرامانے 22، سینا نائیکے 13، ہیراتھ ایک اور لاستھ مالنگا صفر پر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان میکلیرن تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مورنے مورکل اور جے پی ڈومینی نے دو، دو وکٹوں کا بٹوارا کیا۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پروٹیز نے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیتتے ہوئے سری لنکا میں ون ڈے سیریز میں ناکامی کی روایت کو توڑ دی اور پہلی بار سری لنکن سرزمین پر سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ڈی ویلیئرز میچ اور ہاشم آملہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔