نو سالوں بعد انڈو-پاک فٹبال سیریز
اسلام آباد : پاکستان اور ہندوستان کی فٹ بال ٹیمیں نو سالوں بعد اگلے مہینے مدمقابل ہوں گی۔
شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم 16 سے 21 اگست تک ہندوستان کا دورہ کرے گی جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف 17 اور 20 اگست کو دو میچ کھیلے گی۔
یہ دونوں ٹیموں کے درمیان نو سالوں بعد پہلی سیریز ہو گی۔
اس سےپہلے دونوں ٹیموں کے درمیان 2005ء میں بھی تین فٹ بال میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر اپنے نام کی ۔
بدھ کو پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے سیکرٹری احمد یارلودھی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیریز کے انعقاد سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر کھیلوں کے تعلقات بحال ہوں گے۔
لودھی کا کہنا تھا کہ کھیل کی بہتری کے لیے انڈیا بھی پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کے لیے بے تاب تھا۔' انڈو-پاک مقابلہ کسی بھی طرح ایشز سے کم نہیں'۔
انہوں نے بتایا قومی ٹیم 22 سے 30 اگست تک بحرین کے خلاف بھی سیریز کھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے تاکہ کھلاڑی انٹرنیشنل تجربہ حاصل کر کے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنا سکیں ۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان پہلی مرتبہ سارک خواتین فٹبال چیمپئن شپ کی میزبانی بھی کرنے جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 2011 میں انگلینڈ کی ایک کمپنی نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان انگلینڈ میں ایک فٹبال سیریز کرانے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم سپانسر شپ ملنے میں ناکامی کے بعد اسے آخری لمحات میں منسوخ کر دیا گیا۔
اسی طرح انگلینڈ 2013 میں پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں پر مشتمل ایک سہ فریقی سیریز بھی سپانسر نہ ملنے کی وجہ سے منسوخ ہو گئی تھی۔