آپریشن متاثرین کی مدد کیلئے نمائشی میچ
اسلام آباد: شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی امداد کے لیے قومی کرکٹرز کے درمیان نمائشی ٹی 20- مقابلوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اے اور حمزہ شہبازالیون ٹیموں کے مابین ہونے والے ٹی20- میچ میں شعیب اختر ،شاہد آفریدی، عمر اکمل ، کامران اکمل، یونس خان سسمیت دیگر کرکٹ اسٹارز شرکت کریں گے۔
شمالی وزیرستان میں 15 جولائی کو دہشت گردوں کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن ضربِ عضب کے باعث اب تک نو لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر کے ملک کے دیگر حصوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماء محمد حنیف عباسی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر میچ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے حاصل ہونے والی آمدنی شمالی وزیرستان آپریشن کے نتیجے میں اپنے گھر بار چھوڑ کر آنے والوں پر خرچ کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام پنجاب کے چار شہروں میں ٹی20- میچز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 19 سے 26 جولائی تک کھیلے جانے والے چار میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی جبکہ دیگر میچز ملتان، فیصل آباد اور لاہور میں کرائے جائیں گے اور توقع ظاہر کی کہ جمعہ کو ہونے والے میچ سے دو کروڑ روپے اکٹھے ہونے کا امکان ہے۔
آمدنی کے حوالے سے تفصٰلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ روپے کی ٹکٹیں مختلف ڈونرز جبکہ پچاس لاکھ روپے سے زائد کی ٹکٹیں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنماؤں نے خرید لی ہیں۔
پاکستان اے ٹیم میں شاہدآفریدی، انورعلی، شرجیل خان، فیصل اقبال، سمیع اسلم، بابر اعظم، ناصر جمشید، حارث سہیل، صہیب مقصود، فوادعالم، بلاول بھٹی، احسان عادل، یاسرشاہ اور علی ناصر شامل ہیں۔
دوسری جانب حمزہ الیون میں حمزہ شہباز، شعیب اختر، یونس خان، عمرامین، عدنان اکمل، کامران اکمل، عمراکمل، علی سرفراز، عمران خان، آفاق رحیم، حیدر علی، عاطف اشرف، رضا حسن اور ڈی سی او راولپنڈی ساجدظفرڈال شامل ہیں۔
حنیف عباسی نے بتایا کہ میچ میں انتظامی افسران سمیت کوئی بھی شخص بغیر ٹکٹ داخل نہیں ہوسکے گا جہاں وی وی آئی پی انکلوژر کی ٹکٹ پانچ ہزار، وی آئی پی ڈھائی ہزار جبکہ عام انکلوژرز کی ٹکٹیں پانچ سو روپے میں فروخت کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس میچ میں جن قومی کھلاڑیوں کو بھی شرکت کی دعوت دی انہوں نے قومی جذبے کے تحت اسے خوشی سے قبول کیا اور بغیر کسی جھجھک کے فوراً اپنی مصروفیات میں سے اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے وقت نکالا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما میچ میں کسی بھی سیاسی شخصیت کو بطور مہمان خصوصی مدعو نہیں کیا گیا بلکہ مہمان خصوصی پاک فوج کے ان جوانوں کے اہلخانہ ہوں گے جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
عباسی نے بتایا کہ میچ کے اختتام پر سابق اور موجودہ کرکٹرز کے دستخطوں والے تین بلے بھی نیلامی کیلئے پیش کئے جائیں گے جبکہ ہر بلے کی نیلامی پانچ لاکھ روپے سے شروع ہوگی اور ان بلوں کی نیلامی سے حاصل ہونیوالی رقم بھی متاثرین کی امداد کے لیے قائم چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں جمع کی جائے گی۔
اس موقع پر انہوں نے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
’ملک اس وقت مختلف بحرانوں کا شکار اور ہرطرف انتشار اور افراتفری ہے، ایسے حالات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرح کھیل تماشوں پر پیسہ ضائع کرنے کی بجائے متاثرین کی مدد کے لیے امداد اکٹھی کریں‘۔