اسٹین نے لنکا ڈھا دی، گال ٹیسٹ پروٹیز کے نام
گال: جنوبی افریقہ نے ڈیل سٹین اور مورنے مورکل کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو 153 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
اتوار کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم نے 370 رنز کے تعاقب میں 110 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ اننگز شروع کی تو اسے جیت کیلئے 260 رنز درکار تھے۔
مگر سری لنکن بلے باز ڈیل سٹین اور مورنے مورکل کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور 76 رنز بنانے والے کمار سنگا کارا کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔
دیگر کھلاڑیوں میں کوشل سلوا 38 ، مہیلا جائے وردنے 10 ، لاہیرو تھریمانے 12 ، دنیش چندیمل ایک، دلروان پریرا صفر، رنگنا ہیراتھ 20 ، سرنگا لکمل 12 اور شمندا ارنگا بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان اینجلو میتھیوز 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل سٹین اور مورنے مورکل نے چار، چار جبکہ جے پی ڈومنی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس کارکردگی کے ساتھ ہی ڈیل اسٹین ایشیا میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے نان ایشین باؤلر بن گئے ہیں اور انہیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہو گا۔