• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:39pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:45pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:39pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:45pm

قومی اسمبلی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد مذمت منظور

شائع August 4, 2014 اپ ڈیٹ August 5, 2014
۔—فائل فوٹو۔
۔—فائل فوٹو۔

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں سے یکجہتی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز نے پیش کی جو اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

قرارداد میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور اہل فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت اور بربریت کی وجہ سے فلسطینی بھائیوں نے رمضان المبارک کے ایام اور عید بھی اسی حالت میں گزاری۔

اسرائیلی ہوائی حملوں سے 1800 فلسطینی مرد‘ خواتین اور بچے ہلاک ہوئے جبکہ 9500 شدید زخمی ہیں۔ وزیراعظم نے اس مسئلہ کو ہر فورم پر اٹھانے کی نہ صرف ہدایت کی ہے بلکہ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کو فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی قرار دیا ہے۔

سرتاج عزیر کے مطابق اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پرا س مسئلہ پر آواز اٹھائی جا رہی ہے ہم اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اوآئی سی اس مسئلہ پر کیا کر سکتی ہے۔ 12 اگست کو او آئی سی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلانے کا یقین دلایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرینگے۔ اس کے علاوہ فلسطینی بہن بھائیوں کی مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن امداد کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم نے بھی فلسطینیوں کے موقف کی اس وقت حمایت کی جب برصغیر کے مسلمان خود مسائل کا شکار تھے۔

دوسری جانب بیشتر ارکان نے اسلام آباد انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج طلب کرنے پر خیالات کا اظہار کیا۔

حزب اختلاف کے قائد سید خورشید شاہ نے آئین کے آرٹیکل دو سو پینتالیس کے تحت فوج طلب کرنے پر بحث کا مطالبہ کیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے آصف حسنین نے سوال کیا کہ پارلیمان میں بحث کئے بغیر آرٹیکل دو سو پینتالیس کا کس طرح اطلاق کردیا گیا؟

اس سے پہلے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی فوزیہ احمد نے قومی اسمبلی کی رکن کا حلف اٹھایا۔

انہیں طاہرہ آصف کی جگہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 اپریل 2025
کارٹون : 11 اپریل 2025