سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کیلئے ستارہ امتیاز
اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی شہری کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے عرب نیوز کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستان کا تیسرا بڑا سویلین ایوارڈ ستارہ امتیاز ریاض میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات سرا نجام دینے والے ریاض جاوید خواجہ کو دیا گیا۔
ریاض جاوید خواجہ ایک سماجی کارکن اور طب کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
ستارہ امتیاز پاکستان کا تیسرا بڑا سویلین ایوارڈ ہے،جو ان شخصیات کو دیا جاتا ہے، جنھوں نے ملکی سلامتی، پاکستان کے قومی مفاد یا دنیا میں قیام امن کے حوالے سے کردار ادا کیا ہو یا پھر کسی قسم کی ثقافتی یا عوامی خدمات سر انجام دی ہوں۔
ریاض خواجہ نے ستارہ امتیاز ملنے پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے خوشی ہے کہ میں سعودی عرب میں مقیم وہ پہلا پاکستانی ہوں جسے اس ایوارڈ سے نوازا گیا'۔
انھوں نے پاکستانی کمیونٹی کا بھی اپنی حمایت کیے جانے پر شکریہ ادا کیا۔
انیس سو اکہتر میں سعودی عرب آنے والے ریاض خواجہ سعودی دارلحکومت میں موجود پاکستانی کمیونٹی میں اہم مقام رکھتے ہیں اورانھیں سماجی خدمات کی بناء پرمتعدد اعزازات سے نوازا گیا۔
انھوں نے زلزلے اور سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی امداد کے لیے فنڈز اکٹھا کرنےکا کام بھی سر انجام دیا۔
ریاض خواجہ کی سب سے بڑی خدمت پاکستانی ایمبیسی میں ایک کلینک کا آغاز ہے، جہاں کم آمدنی والے پاکستانیوں کا مفت علاج اور طبی رہنمائی کی جاتی ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں