شوکاز نوٹس پارٹی آئین کی خلاف ورزی ہے، ہاشمی
ملتان: سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے بدھ کے روز اپنے خلاف شوکاز نوٹس کو پاکستان تحریک انصاف کے آئین کے خلاف قرار دیا۔
اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو آڑھے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پارٹی کے مستقبل کو برباد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات یہ ہے کہ ان کے خلاف کوئی مخصوص چارجز نہیں لگائے گئے۔ ’جنہیں کبھی منتخب نہیں کیا گیا، جنہوں نے ووٹرز کا کبھی سامنا نہیں کیا، انہیں پارٹی کے صدر کو معطل کرنے کا حق نہیں۔‘
انہوں نے اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری اور پاکستان عوامی لیگ کے چیف شیخ رشید کو پارٹی کا ’ اعزازی چیئرمین‘ قرار دیا۔
انہوں نے اس خیال کو مسترد کردیا جس کے مطابق پی پی پی یا ن لیگ آزاد امیدوار کی حیثیت سے ان کی حمایت کرے گی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ان کے خلاف امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اپنی ’غلطی کا احساس‘ ہوگیا ہے۔