احتجاجی جماعتیں مستقبل میں اپنے عمل کی مذمت کریں گی، نواز
نارووال: وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان عوامی تحریک(پی اے ٹی) اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے جاری دھرنوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔
نارووال میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مستقبل میں احتجاجی جماعتیں خود اپنے عمل کی مذمت کریں گی، اس طرح کے طرز عمل سے انہیں ووٹ نہیں ملیں گے۔
انہوں نے تباہ کن سیلاب کے باعث تباہ ہونے والے انفرا اسٹرکچر کی دوبارہ تعمیر کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث اپنے علاقوں سے ہجرت کرنے والوں کو دوبارہ ان کے علاقوں میں آباد کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی سیلاب کی ان تباہ کاریوں سے گزر رہے ہیں جن کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی، ان سیلابوں سے بڑے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے بعد متاثرین کے لیے ہمدریدی اور قربانی کے جذبے میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
نواز شریف نے عیدالاضحیٰ پر قوم کے نام پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ قومی ترقی کے مقاصد کو بار آور بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس اعتماد کا اظہار کرنے پر پوری قوم کا شکر گزار ہوں جو اس نے پاکستان کو خوشحال بنانے کے قومی ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لیے مجھ پر کیا تاکہ پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلایا جا سکے۔
اس موقع پر وزیر اعظم آپریشن ضرب عضب میں دشمنوں کے خلاف برسرپیکار فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔