'بدقسمتی آڑے آ گئی'
کراچی: آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں رنر اپ رہنے والے پاکستانی سٹار کیوئسٹ محمد سجاد پیر کی شام کراچی پہنچ گئے۔
سجاد نے بنگلورو ، انڈیا میں کھیلے گئے ایونٹ میں کئی ٹاپ حریفوں کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی جہاں وہ چین کے نوجوان یان بنگ ٹاؤ سے ہار گئے۔
قائد اعظم ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں سجاد نے قسمت کو فائنل میں شکست کا عنصر قرار دیا۔
انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فائنل فریم میں تین مرتبہ سرخ گیندوں کو پوزیشن نہیں کر سکے۔'یہ انتہائی سخت مقابلہ رہا اور بالآخر قسمت نے بنگ ٹاؤ کا ساتھ دیا'۔
سجاد نے ٹورنامنٹ میں اپنی رنر اپ پوزیشن کو قوم، اہل خانہ اور پی بی ایس اے کے نام کیا۔
'پہلے پہل میں فائنل ہارنے پر مایوس ہوا لیکن پھر میں نے سوچا کہ اس شکست نے میرے اندر اگلے سال یہ ٹائٹل جیتنے کی مزید تحریک بخشی'۔
سجاد نے بتایا کہ اب ان کی زیادہ توجہ ذہنی اور جسمانی فٹنس کے ساتھ ساتھ ڈائٹ کنٹرول پر بھی ہو گی۔
سرگودھا سے تعلق رکھنے والے سجاد نے بتایا کہ انہیں 3100 امریکی ڈالرز کا انعام ملا جس میں سے انہوں نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر محمد آصف کو 800 جبکہ نوجوان ساتھی کھلاڑی حمزہ کو 100 ڈالرز دیے۔
سجاد نے بتایا کہ انڈیا میں تماشائیوں نے ایونٹ کے دوران ان کی حمایت کی ۔