جموں و کشمیر میں سید علی گیلانی گرفتار
اسلام آباد: پولیس نے جمعرات کے روز ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندو انتہا پسند کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے زاہد رسول بٹ کے اہل خانہ سے ملنے کی کوشش پر حریت رہنما سید علی گیلانی کو گرفتار کرلیا۔
زاہد بٹ کو ہندو انتہا پسندوں نے علاقے میں تین گائیوں کو ذبح کرنے کی قیاس آرائیوں کے بعد ادھمپور میں ہلاک کیا تھا۔
گیلانی کو سیکیورٹی فورسز کی جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اپنے گھر سے نکلے وقت گرفتار کیا گیا جبکہ انہیں ہم ہاما پولیس اسٹیشن سری نگر میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کشمیر کے اسلام آباد کے قریب بوٹنگو تک مارچ کی کال دی تھی۔
انڈین حکام نے سری نگر میں مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لیے کرفیو لگا رکھا ہے۔
ٹرک ڈرائیور زاہد پر تین گائیوں کو ذبح کرنے سے متعلق قیاس آرائیوں کے بعد ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پیٹرول بم حملہ کیا گیا تھا۔
نو اکتوبر کو پیش آنے والے واقعے میں زاہد شدید زخمی ہوگئے تھے تاہم وہ بعدازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ہندوستانی حکام نے واقعے کے بعد حملے میں ملوث نو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔