'انڈیا کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے'
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہندوستان کے پاکستان دشمن عزائم کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کیا جا رہا ہے۔
پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر رحمان ملک کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ سات جون کو نریندر مودی نے ڈھاکہ میں پاکستان توڑنے سے متعلق بیان دیا تھا۔
’پاکستان توڑنے سے متعلق مودی کے بیان کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا جائزہ لیا جائے گا‘۔
سرتاج نے بتایا کہ اس حوالے سے ایوان اور قوم کی مکمل حمایت درکار ہے۔’ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے‘ بلوچستان اور فاٹا میں را کی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کو دیئے ہیں۔‘
انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ انڈیا کےجارحانہ رویہ کوتمام سفارتی فورمز پر تواتر اور موثر انداز میں بے نقاب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری کا تحفظ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔‘
مشیر خارجہ کے مطابق، مودی نےبڑے فخر سے1971 میں پاکستان توڑنے میں ہندوستان کے ملوث ہونے کا ذکر کیا، جو اقوام متحدہ چارٹر کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے نام نہاد سیکولر انڈیا میں اقلیتوں کے ساتھ برے سلوک کا نوٹس لیا ہے۔’انڈیا میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے ساتھ سلوک انسانیت کے خلاف جرم ہے‘۔