• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:39pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:45pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:39pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:45pm

’افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے تمام فریق پرعزم‘

شائع November 30, 2015
۔—اے پی پی تصویر۔
۔—اے پی پی تصویر۔

پیرس: وزیراعظم نواز شریف نےپیر کے روز عالمی رہنماوں سے ملاقات میں افغانستان میں استحکام اور امن کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات پیرس میں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے بات چیت کے دوران کی۔

انہوں نے اس موقع پر افغان اور برطانوی قیادت کو ان کی حکومت کے عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستانی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیرس میں نواز، مودی کی غیررسمی ملاقات

اس موقع پر وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے حوالے سے بھی دونوں سربراہان کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام آباد میں ہونے والے ہارٹ آف ایشیا اجلاس میں افغان صدر کا منتظر ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے نواز شریف اور اشرف غنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کے حصول کے لیے برطانیہ اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے کہا پاکستان افغانستان کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام اہم گول ہے اور پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ طویل مدتی شراکت چاہتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مستحکم افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

اس سے قبل فرانس میں منعقدہ اقوام متحدہ کی 21 ویں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس میں شرکت کے لیے جب نواز شریف کانفرنس کے مقام پر پہنچے تو فرانس کے صدر فرانسو اولاند اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ان کا خیرمقدم کیا ۔

کانفرنس میں 147 سربراہان مملکت اور دیگر نمائندے شرکت کررہے ہیں جن میں امریکی صدر براک اوباما ، چینی صدر شی جن پنگ ، فرانس کے صدر فرانسوا اولاند اوربرطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون شامل ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، جہاں وہ پیر سے شروع ہونے والی پندرہ روزہ کانفرنس کے پہلے روز کانفرنس سے خطاب کریں گے اور کانفرنس کے شرکاء کو موسمیاتی تبدیلی کے مختلف چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 12 اپریل 2025
کارٹون : 11 اپریل 2025