وفاقی حکومت سے کوئی تنازعہ نہیں، مشیر سندھ
حیدر آباد: سندھ میں وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان کوئی تنازعہ نہیں اور تمام مسائل مذاکرات سے حل ہونے چاہیئیں۔
ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں چانڈیو نے کہا کہ سندھ حکومت کو حالیہ کچھ معاملات پر ہونے والی پیش رفت پر تحفظات ہیں اور وزیر اعلی قائم علی شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو ان تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔
چانڈیو کے مطابق، صوبائی حکومت پہلے دن سے دہشت گردوں کے خلاف شروع ہونے والے آپریشن کی حمایت کر رہی ہے اور بارہا اس کے نتائج پر اطمینان ظاہر کیا جا چکا ہے۔
’دہشت گردوں کے خلاف کراچی میں جاری آپریشن آخری دہشت گر کے خاتمے تک جاری رہے گا‘۔
ایک سوال کے جواب میں چانڈیو نے کہا کہ پی پی پی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔
پارٹی چیئرپرسن آصف علی زرداری کے بیرون ملک موجودگی سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کا علاج جاری ہے اور وہ صحت بہتر ہونے پر پاکستان آ جائیں گے۔
صوبے میں پی پی پی کی حکومت میں ایم کیو ایم کو شامل کرنے کے حوالے سے چانڈیو نے کہا پیپلز پارٹی کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کھلے ہیں۔
’ایم کیو ایم کو سندھ میں عوامی مقبولیت حاصل ہے اور ان کی اعلی قیادت سے مذاکرات ممکن ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.