پونے 2 ارب کی لاگت سے تعمیر باب پشاور کا افتتاح
پشاور میں پونے دو ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا فلائی اوور باب پشاور ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
دو کلومیٹر سے زائد لمبے اور 172 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے فلائی اوور کا افتتاح وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ نے کیا جبکہ تقریب میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے بھی شرکت کی۔

پانچ لاکھ سے زائد افراد کو روزانہ فائدہ پہنچانے والا فلائی اوور ایک سے زائد منزلوں والا پاکستان کا دوسرا فلائی اوور ہے۔
اس سے قبل کراچی میں بھی ایک سے زائد منزلوں والا فلائی اوور تعمیر کیا گیا تھا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے پشاور کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے صوبائی دارالحکومت کی کھوئی ہوئی عظمت کو بحال کرنا شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں 29 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے وفاقی حکومت سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فنڈز کے اجراء میں تاخیر کررہی ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں