• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سکھ پگڑی کی بے حرمتی: 6 افراد پر مقدمہ درج

شائع May 2, 2016

ساہیوال: چیچہ وطنی پولیس نے ہاتھا پائی کے دوران سکھ مسافر کی پگڑی کی بے حرمتی پر ٹرانسپورٹ کمپنی کے 5 ملازمین اور بس ٹرمنل کے مالک کے خلاف توہین مذہب کے قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ملتان کے 29 سالہ شکایت کنندہ مہندر پال سنگھ نے ڈان کو بتایا کہ وہ کوہستان ۔ فیصل موورز ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس (ایف ڈی ایس 676) کے ذریعے فیصل آباد سے ملتان جارہا تھا کہ ڈجکوٹ کے قریب بس خراب ہوگئی۔

بس کا ڈرائیور کچھ دیر کی کوشش کے بعد بس اسٹارٹ کرنے میں تو کامیاب ہوگیا، لیکن اس نے بس کی رفتار بہت کم کردی، جس کے باعث ڈجکوٹ سے چیچہ وطنی بس ٹرمنل پہنچنے میں تقریباً 5 گھنٹے لگے۔

مہندر پال سنگھ کا کہنا تھا کہ ٹرمنل پہنچنے کے بعد اس نے اور چند مسافروں نے ٹرانسپورٹ کمپنی کے اسٹاف سے کم رفتاری کی شکایت کی اور آگے کے سفر کے لیے دوسری بس کا مطالبہ کیا۔

تاہم اس دوران مسافروں اور کمپنی اسٹاف کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی، جس دوران ٹرانسپورٹ کمپنی کے 5 ملازمین اور ٹرمنل کے مالک نے مہندر سنگھ سمیت دیگر مسافروں سے نازیبا سلوک کیا۔

مہندر پال سنگھ نے الزام لگایا کہ جس دوران ان کا اور کمپنی ملازمین کے درمیان جھگڑا ہورہا تھا تو راشد گجر نے ان کی پگڑی زمین پر پھینکی۔

مہندر پال سنگھ نے کہا کہ سکھ مذہب میں پگڑی مقدس مانی جاتی ہے اور زمین پر اس کو پھینکنا اس کی بے حرمتی کرنے کے مترادف ہے۔

لڑائی سے متاثرہ چند دیگر مسافروں کا کہنا تھا کہ ہاتھا پائی کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچی، جہاں مہندر پال سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ چونکہ وہ پاکستانی شہری ہے، اس لیے پگڑی کے بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف توہین مذہب کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

چیچہ وطنی سٹی پولیس کے ایس ایچ او خضر حیات نے کہا کہ 5 حملہ آوروں ٹرمنل منیجر باقر علی، راشد گجر، فیض عالم، شکیل اور سناول کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے سیکشن 148، 295 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

کیس کے تفتیشی افسر عبدالستار کا کہنا تھا کہ پولیس بس ٹرمنل کے مالک حاجی ریاست کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے۔

ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز غلام محمد نے بھی ملزمان کے خلاف توہین مذہب کے قانون کے تحت مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کی۔

مہندر پال سنگھ نے مزید الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چند مقامی سیاستدان ملزمان کی پشت پناہی اور تفتیش پر اثر انداز ہورہے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں اور انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

یہ خبر 2 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024