• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پی ایس ایل پلے آف: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کامیاب

شائع March 20, 2018 اپ ڈیٹ March 21, 2018
پشاور زلمی کے کھلاڑی سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ میں فتح پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پشاور زلمی کے کھلاڑی سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ میں فتح پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
راحت علی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
راحت علی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل تک رسائی کے لیے جاری دوڑ میں کھیلے گئے دوسرے پلے آف میں دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر تیسرے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

لاہور میں 25 ہزار تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو بارش نے 4 گیندوں بعد ہی میچ میں مداخلت کر دی جس کے سبب میچ آدھے گھنٹے تک روک دیا گیا۔

میچ کا دوبارہ آغاز زلمی کے لیے کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور گزشتہ 2 میچوں کے مین آف دی میچ کامران اکمل اور آندرے فلیچر 10 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر تمیم اقبال کا ساتھ دینے محمد حفیظ آئے اور دونوں نے 44 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 54 تک پہنچا دیا لیکن چار رنز کے فرق سے حفیظ اور تمیم دونوں بالترتیب 25 اور 27 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

58 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد لیام ڈاسن اور سعد نسیم وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 86 تک پہنچایا لیکن تھسارا پریرا کے عمدہ کیچ نے 9 رنز بنانے والے سعد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد لیام ڈاسن نے ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی کا بیڑا اٹھایا اور تن تنہا گلیڈی ایٹرز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔

قذافی اسٹیڈیم آنے والے شائقین ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی پر شکریہ ادا کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
قذافی اسٹیڈیم آنے والے شائقین ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی پر شکریہ ادا کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کپتان ڈیرن سیمی سمیت زلمی کے تمام ٹیل اینڈرز ناکامی سے دوچار ہوئے لیکن ڈاسن نے تھسارا پریرا کے ایک اوور میں 21 رنز بٹورنے سمیت مجموعے طور پر 35 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی پوری ٹیم 20ویں اوور کی آخری گیند پر 157 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے راحت علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اسد شفیق اننگز کی پہلی ہی گیند پر سلپ میں ڈٰرن سیمی کو کیچ دے بیٹھے جبکہ 17 کے مجموعے پر کوہلر کیڈمور بھی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر محمد نواز کا ساتھ دینے کپتان سرفراز احمد آئے اور دونوں نے 63 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی امید روشن کر دی لیکن 80 کے مجموعی اسکور پر ثمین گل دونوں کھلاڑیوں کو لگاتار دو گیندوں میں آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے، دونوں نے بالترتیب 35، 35 رنز بنائے۔

محمد محمودااللہ اور رائلی روسو نے اسکور کو 116 تک پہنچایا جس میں روسو نے صرف 14 گیندوں پر 8 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کو ایک مرتبہ پھر بڑی کامیابی اس وقت ملی جب عمید آصف نے اپنے ایک ہی اوور میں محموداللہ اور روسو کو آؤٹ کر کے گلیڈی ایٹرز کی جیت کی امیدوں کو شدید نقصان پہنچایا۔

تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں زندہ دلان لاہور کا جوش و جذبہ دیدنی تھا— فوٹو: اے پی پی
تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں زندہ دلان لاہور کا جوش و جذبہ دیدنی تھا— فوٹو: اے پی پی

گلیڈی ایٹرز کو اختتامی اوورز میں تھسارا پریرا اور انور علی سے امیدیں وابستہ تھیں لیکن پریرا، وہاب ریاض کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ ہوئے۔

میچ کے آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کیلئے 25 رنز درکار تھے لیکن انور علی نے ابتدائی پانچ گیندوں میں 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بٹور کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔

میچ کی آخری گیند پر گلیڈی ایٹرز کو تین رنز درکار تھے اور انور علی کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر باؤنڈری پر فیلڈر کیچ لینے میں ناکام رہے لیکن گلیڈی ایٹرزکے فیلڈرز دو رنز لینے میں ناکام رہے اور پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے فتح اپنے نام کر لی۔

اس شکست کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے اور پہلی مرتبہ لیگ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

حسن علی کو 21 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے پلے آف میں پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہو گا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024