• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

آفریدی، عماد اور تمیم تیسرے پلے آف سے باہر

شائع March 21, 2018 اپ ڈیٹ March 22, 2018
شاہد آفریدی ایونٹ کے ابتدائی مرحلے سے ہی انجری مسائل سے دوچار ہیں—
شاہد آفریدی ایونٹ کے ابتدائی مرحلے سے ہی انجری مسائل سے دوچار ہیں—

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے تیسرے پلے آف میں آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جہاں عماد وسیم، شاہد آفریدی اور تمیم اقبال انجری مسائل کے سبب میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ سے قبل کراچی کنگز اور پشاور دونوں ہی ٹیمیں مشکلات سے دوچار ہو گئی ہیں اور دونوں کے اہم کھلاڑی میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

کراچی کنگز کی ٹیم کیلئے بری خبر یہ ہے کہ ان کے دونوں اہم آل راؤنڈرز شاہد آفریدی اور کپتان عماد وسیم میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے اور کراچی کنگز کی قیادت کے فرائض محمد عامر انجام دیں گے کیونکہ گزشتہ میچوں میں قیادت کرنے والے آئن مورگن انگلینڈ واپس لوٹ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: کھلاڑیوں کی جانب سے پشاور، کوئٹہ مقابلہ بہترین میچ قرار

عماد وسیم لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور اس کے بعد سے ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے، جبکہ ایونٹ کے ابتدائی مراحل میں انجری کا شکار ہونے والے شاہد آفریدی کی انجری اب سنگین شکل اختیار کر گئی ہے اور وہ بھی میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

تاہم کراچی کنگز نے انجری کا شکار کھلاڑیوں کی جگہ چند مزید کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کر لی ہیں اور مختار احمد، ذوالفقار بابر اور دانش عزیز نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

دوسری جانب پشاور زلمی کیلئے بھی صورتحال خوش آئند نہیں اور ان کے بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال انجری کی وجہ سے طبی معائنے کیلئے بنکاک چلے گئے ہیں، جبکہ انجری کے سبب ڈیرن سیمی کی بھی میچ میں شرکت تاحال غیریقینی ہے۔

پشاور زلمی کی مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ اگر وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرتے ہیں تو تمیم اقبال ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہو گی۔

بارش کا خطرہ

گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے پلے آف کی طرح آج کے میچ میں بارش کا خطرہ ہے اور میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا کافی امکانات موجود ہیں۔

لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ایلیمینیٹر میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور میچ بارش سے منسوخ ہوا تو کراچی کنگز فائنل میں پہنچ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور-کوئٹہ پلے آف مقابلے اور داستان صرف ایک رن کی!

پشاور زلمی نے لیگ میں10راؤنڈ میچز کھیلے جس میں سے 5 میں کامیابی حاصل کی اور اسے 5 میں شکست ہوئی اور ان کے پوائنٹس کی تعداد 10 رہی۔

دوسری جانب کراچی کنگز کو 10 میچز میں سے 4 میں شکست ہوئی اور 5کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کی بدولت اس نے 11 پوائنٹس کے ساتھ راؤنڈ مرحلے کا اختتام دوسری کامیاب ٹیم کی حیثیت سے کیا اور اسی پوائنٹ کی بدولت کراچی کنگز فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024