• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

جنوبی افریقہ 126رنز پر ڈھیر، سری لنکا کو 272رنز کی برتری

شائع July 13, 2018
جنوبی افریقی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 126رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ہے جس کے بعد سری لنکا نے گال ٹیسٹ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔

گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبار شروع کی تو دوسرے دن کا پہلا سیشن ان کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔

سری لنکن اسپنرز کی نپی تلی باؤلنگ کا جنوبی افریقی بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا اور پوری مڈل آرڈر بیٹنگ لائن خزاں رسیدہ پتوں کی مانند بکھر گئی۔

صرف 51 کے مجموعی اسکور پر 6جنوبی افریقی کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے تاہم اس موقع پر کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روک دیا۔

انہوں نے 18رنز بنانے والے ورنن فلینڈر کے ساتھ مل کر 64رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

یہ دونوں کھلاڑی وکٹ پر بالکل سیٹ نظر آ رہے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یہ اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن 115 کے مجموعے پر دونوں بلے باز یکے بعد دیگرے صرف تین گیندوں کے فرق سے پویلین لوٹ گئے، ڈیو پلیسی نے 49رنز بنائے۔

اس کے بعد سورنگا لکمل کو جنوبی افریقہ کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم صرف 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا نے 4، لکمل نے 3 اور رنگنا ہیراتھ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلی اننگز میں 161 رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔

دوسری اننگز میں سری لنکن اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 51رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے جنوبی افریقہ پر مزید دباؤ بڑھا دیا۔

اس موقع پر کیشپ مہاراج نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے محض 13رنز کے فرق سے 3 سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلین رخصت کر کے جنوبی افریقہ کی مشکلات میں کچھ کمی کی۔

پہلی اننگز میں 158رنز کی اننگز کھیل کر بیٹ کیری کرنے والے دمتھ کرونارتنے نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور وہ 60رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد کگیسو ربادا کی وکٹ بنے۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 4وکٹوں کے نقصان پر 111رنز بنا کر میچ میں مجموعی طور پر 272رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024