کوہلی نئے عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز، کئی اعزاز اپنے نام کر لیے
ایجبسٹن ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے باوجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی اپنی ٹیم کو کامیابی سے تو ہمکنار نہ کرا سکے لیکن اس عمدہ کارکردگی کی بدولت وہ ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں کوہلی عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔
کوہلی نے کیریئر کے بہترین 934ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر لیے اور سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کو عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم کردیا جن کے پوائنٹس کی تعداد 929 ہے۔
کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 149رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیریئر کی 22ویں سنچری اسکور کی اور پھر 194رنز کے ہدف کے تعاقب میں 51 رنز کی اننگز کھیل کر میچ میں مجموعی طور پر 200رنز بنائے۔
اسمتھ نے رواں سال کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد لگائی گئی پابندی کے بعد سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اور اسی وجہ سے ان کے ریٹنگ پوائنٹس میں اضافہ نہیں ہو سکا اور کوہلی 5ہوائنٹس کی برتری حاصل کر کے انہیں اس منصب سے محروم کردیا۔
اس کارکردگی کی بدولت کوہلی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں جہاں ان سے قبل سنیل گاوسکر نے 1979 میں 916 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے تھے جبکہ تیسرے نمبر پر موجود سچن ٹنڈولکر کے بہترین ریٹنگ پوائنٹس 898 تھے۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ کوہلی 2011 کے بعد عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز بننے والے پہلے بھارتی کھلاڑی ہیں جہاں ان کے آئیڈیل ٹنڈولکر نے اس سے قبل یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ کوہلی نے ایک ایسا منفرد اعزاز حاصل کیا جو آج تک کوئی اور بھارتی کھلاڑی حاصل نہیں کر سکا اور وہ بیک وقت ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں عالمی نمبرایک بلے باز بننے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اگر کوہلی اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بہترین ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے ایشین کھلاڑی بن سکتے ہیں جہاں 938 پوائنٹس کے ساتھ یہ اعزاز سری لنکن کمار سنگاکارا کے پاس ہے۔
اس کے علاوہ ٹیسٹ رینکنگ میں ابتدائی 10بلے بازوں کی فہرست میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی جبکہ جیمز اینڈرسن نے اپنا عالمی نمبر ایک باؤلر کا منصب برقرار رکھا۔