مشکوک سرگرمیوں میں ملوث حسن رضا پر ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے بند
مبینہ طور پر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث دنیا کے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا پر کرکٹ کے دروازے بند ہونے لگے ہیں اور رواں سال قائد اعظم ٹرافی کے لیے انہیں اسکواڈ میں بھی منتخب نہیں کیا گیا۔
قائد اعظم ٹرافی کے 19-2018 کے ایڈیشن کے لیے حسن رضا کو پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
الجزیرہ ٹی وی کے اسپاٹ فکسنگ اسٹنگ آپریشن کے دوران حسن رضا کو سابق بھارتی کرکٹر روبن مورس کے ہمراہ گفگو کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ویڈیو میں مورس ٹی20 میں میچ فکسنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کے برابر میں حسن رضا بیٹھے ہوئے ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے کچھ خاص گفتگو نہیں کی۔
سابق قومی کرکٹر نے میچ یا اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے باتوں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کا اس میں کوئی کردار نہیں۔
حسن رضا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
اکتوبر 1996 میں ڈیبیو کرنے کے بعد حسن رضا صرف 7ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکے اور آخری مرتبہ 2005 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔