• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

ایشیا کپ: بنگلہ دیشی اسکواڈ سے صابر اور انعام ڈراپ

شائع August 30, 2018

بنگلہ دیش نے آئندہ ماہ شیڈول ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں سے صابر رحمان اور انعام الحق کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم تو فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی لیکن اس سیریز میں صابر اور انعام کی کارکردگی بہت واجبی رہی جس کے سبب انہیں ایشیا کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا۔

تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 6ماہ پابندی کا سامنا کرنے والے صابر رحمان سیریز میں صرف 27رنز بنا سکے تھے جبکہ انعام الحق بھی صرف 33رنز اسکور کر سکے تھے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے سربراہ منہاج العابدین نے کہا کہ صابر کی فارم بہت خراب تھی جس کی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں برقرار رکھنا مشکل تھا، انہیں منتخب نہ کرنے کا ڈسپلن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے انعام الحق کو اس لیے ڈراپ کیا کیونکہ وہ بھی ویسٹ انڈیز میں ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ آل راؤنڈر عارف الحق اور وکٹ کیپر محمد متھن کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انگلی کی انجری کا شکار شکیب الحسن کو اسکواڈ میں منتخب نہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی کیونکہ ان کی انجری کے سبب ایونٹ میں شرکت کے امکانات بہت معدوم ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم ایشیا کپ کے گروپ بی میں موجود ہے جہاں اسے افغانستان اور سری لنکا کا چیلنج درپیش ہو گا۔

15 سے 28ستمبر تک منعقد ہونے والے ایونٹ کے دوسرے گروپ میں دفاعی چیمپیئن بھارت، پاکستان اور کوالیفائر موجود ہیں۔

ایشیا کپ کے لیے بنگلہ دیشی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

مشرفی مرتضیٰ(کپتان)، شکیب الحسن، تمیم اقبال، محمد متھن، مٹن کمار، مشفیق الرحیم، عارف الحق، محمداللہ ریاض، مصدق حسین، نظم الحسین، مہدی حسن، نظم الاسلام، روبیل حسین، مستفیض الرحمان اور ابو حیدر۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024