• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ایشیا کپ: پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو شکست دیدی

شائع September 15, 2018 اپ ڈیٹ September 16, 2018
مشفیق الرحیم نے 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
مشفیق الرحیم نے 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے مشفیق الرحیم کی 144 رنز کی شاندار اننگز اور باؤلر کی بہترین کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو باآسانی 137 رنز سے شکست دے کر قیمتی 2 پوائنٹس حاصل کرلیے۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا توسری لنکا کے تجربہ کار باؤلر لاستھ ملنگا نے لٹن داس اور شکیب الحسن کو پویلین رخصت کرکے تباہ کن آغاز کر دیا۔

ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں تمیم اقبال انجری کا شکار ہو ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے اور ایک طرح سے بنگلہ دیشی ٹیم 3 وکٹوں سے محروم ہو گئی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین کھلاڑی نے مجھے ’اسامہ‘ کہہ کر پکارا، معین علی کا دعویٰ

اس موقع پر تجربہ کار مشفیق الرحیم کا ساتھ دینے محمد متھن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سری لنکن فیلڈرز کی ناقص کارکردگی کی بدولت 131 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

بنگلہ دیشی اننگز کے 10اوورز مکمل ہونے تک سری لنکن ٹیم 4 کیچ ڈراپ کر چکی تھی، متھن اور مشفیق نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا لیکن اس سے قبل کہ میچ سری لنکا کے ہاتھ سے نکلتا، کپتان اینجلو میتھیوز ایک مرتبہ پھر اپنے سب سے تجربہ کار باؤلر ملنگا کو باؤلنگ پر واپس لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے 63رنز بنانے والے متھن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ضرور پڑھیں: تاریخ کا مشکل ترین ایشیا کپ؟

اس موقع پر بنگلہ دیش کو یکے بعد دیگرے مزید 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور محمود اللہ کے بعد مصدق حسین بھی ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود مشفیق الرحیم نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور سری لنکا نے 86کے انفرادی اسکور پر ان کا کیچ ڈراپ کر کے حریف ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم ایک اینڈ سے وکٹیں گنواتی رہی لیکن دوسرے اینڈ سے مشفیق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے کی جدوجہد جاری رکھی۔

انہوں نے نویں وکٹ کے لیے مستفیض الرحمٰن کے ساتھ 26رنز کی شراکت کی لیکن 229 کے مجموعی اسکور پر فاسٹ باؤلر آؤٹ ہوئے تو ایسا لگا کہ بنگلہ دیش کی اننگز کا اختتام ہو گیا کیونکہ تمیم اقبال پہلے ہی انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر جا چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: تمیم انجری کا شکار ہو کر ایشیا کپ سے باہر

لیکن اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی اس وقت حیرت کی انتہا نہ رہی جب انہوں نے کلائی میں فریکچر کے شکار تمیم کو بلا سنبھالے میدان میں آتے ہوئے دیکھا جنہوں نے ایک ہاتھ سے بیٹنگ کی۔

تمیم کو میدان میں آ کر صرف ایک ہی گیند کا سامنا کرنے کا موقع ملا کیونکہ دوسرے اینڈ پر موجود مشفیق نے اس کے بعد اسٹرائیک اپنے پاس رکھتے ہوئے 10ویں وکٹ کے لیے مزید 32رنز جوڑ کر اسکور 261 تک پہنچا دیا۔

جب مشفیق اننگز کے آخری اوور میں 144 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیشی اننگز بھی 261 رنز پر تمام ہوئی۔

سری لنکا کی جانب سے سے لاستھ ملنگا 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ دھننجیا ڈی سلوا نے 2 وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے تجربہ کار اوپنر اپل تھرنگا اور مینڈس نے 22 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں مینڈس کا حصہ صفر تھا جس کے بعد دیگر بلے باز بھی ناکام ہوئے۔

تھرنگا 27 اور کوسل پریرا 11 جبکہ ڈی سلوا صفر پر مشرفی مرتضٰی کا نشانہ بنے تو سری لنکا کا اسکور صرف 32 رنز تھا۔

میتھیوز اور دلروان پریرا نے اسکور کو 63 رنز تک پہنچایا تاہم کپتان 16 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

دلروان پریرا سب سے کامیاب بلے باز تھے جنہوں نے 29 رنز بنائے سرنگا لکمل 20 رنز بنا سکے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم مشرفی مرتضیٰ اور مستفیض الرحمٰن کی شاندار باؤلنگ کے نتیجے میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے صرف 124 رنز پر ڈھیر ہوئی۔

بنگلہ دیش نے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں اہم کھلاڑیوں کے بغیر سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں 2 اہم پوائٹس حاصل کرلیے۔

مشرفی مرتضٰی، مستفیض الرحمٰن، مہدی حسن میراز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مشفیق الرحیم کو شاندار بلےبازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایشیا کپ کا دوسرا میچ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان 16 ستمبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔

ٹاس

اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

اپنی ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ٹیم میں موجود زیادہ تر کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے بھر پور فارم میں ہیں۔

سری لنکا کے کپتان اینجیلو میتھیوز نے کہا کہ وہ بھی پہلے بیٹنگ کرنے کے خواہش مند تھے، لیکن ٹاس ہر کسی کے اختیار سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنیئر کھلاڑی لاستھ ملنگا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو ٹیم کے لیے خوش آئند ہے، تاہم میچ اور سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میں مشرفی مرتضیٰ (کپتان)، تمیم اقبال، لنٹن داس، شکیب الحسن، محموداللہ، مشفیق الرحیم، محمد متھن، مصدق حسین، مہدی حسن میراز، ربیل حسین اور مستفیض الرحمٰن موجود تھے۔

سری لنکا کی کپتانی انجیلو میتھیوز کر رہے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں میں اپل تھرنگا، دھننجیا ڈی سلوا، کوسل پریرا، کوسل مینڈس، تھیسارا پریرا، دسن شناکا، لستھ ملنگا، سرنگا لکمل، دلروان پریرا اور امیلا اپونسو شامل تھے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ میں 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنگا، بنگلہ دیش اور افغانستان موجود ہیں۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو کھیلے گا جبکہ روایتی حریف بھارت سے اس کا مقابلہ 19 ستمبر کو ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024