• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان ایشیا کپ کے اپنے پہلے معرکے میں کامیاب

شائع September 16, 2018
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

پاکستان نے ایشیا کپ کے دوسرے اور اپنے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کی ناتجربہ کار ٹیم کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان انوشومن راتھ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

ہانگ کانگ کے اوپنر نزاکت خان نے جارحانہ آغاز کیا اور کپتان کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ میں 17 رنز بنائے تاہم انہیں شاداب خان نے رن آوٗٹ کرکے ان کے عزائم کو ناکام کردیا۔

انوشومن راتھ نے بابرحیات کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ میں ہانگ کانگ کے اسکور کو 32 رنز تک پہنچایا اور 19 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دےبیٹھے جس کے بعد کارٹر 2 اور بابر حیات بھی 7 رنز بنا کر آوٗٹ ہوئے۔

کنچت شاہ نے ہانگ کانگ کی ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور اعزاز خان کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 97 رنز تک پہنچا دیا تاہم اعزاز خان نے سب سے زیادہ 27 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ دیا،فوری بعد اسکاٹ مکینزی اور تنویر افضل صفر پر پویلین لوٹ گئے جنہیں عثمان خان نے آوٗٹ کیا۔

کنچت شاہ جب 26 رنز بنا کر آوٗٹ ہوئے تو ہانگ کانگ کا اسکور 99 رنز تھا تاہم احسان نواز اور احمد ندیم نے مجموعے کو 116 رنز تک پہنچایا۔

کانگ کانگ کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز احسان نواز تھے جو 9 رنز بنا کر رن آوٗٹ ہوئے جبکہ احمد ندیم نے بھی آؤٹ ہوئے بغیر 9 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، حسن علی اور شاداب خان نے 2 اور فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آوٗٹ کیا۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے فخر زمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت 41 رنز بنائے اور فخرزمان 24 رنز بنا کر آوٗٹ ہوئے۔

بابراعظم نے اسکور کو 93 رنز تک پہنچانے کے لیے امام الحق کا ساتھ دیا اور 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے 24 ویں اوور میں 117 رنز کا مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے 120 رنز بنائے۔

امام الحق 50 اور شعیب ملک 9 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ہانگ کانگ کے احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے عثمان خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں ٹاس جیتنے کے بعد ہانگ کانگ کے کپتان انوشمن راتھ کا کہنا تھا کہ کل کا میچ دیکھا تھا، اور آج اسی پچ پر بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں اپنی ایک روزہ کرکٹ کی بین الاقوامی حیثیت کھونے کے بعد یہاں تک پہنچنا ہمارا حق تھا، ہم نے ماضی میں بھی بڑی ٹیموں کو شکست دی ہے اور امید ہے کہ ہم یہ دوبارہ کر سکتے ہیں۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ بھی اس وکٹ پر پہلے بیٹنگ کرنے کے خواہشمند تھے، تاہم اب ہانگ کانگ کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو شکست دیدی

پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، بابر اعظم، فخرزمان، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

ہانگ کانگ کی ٹیم کپتان انشومن راتھ، بابر حیات، نزاکت خان، تنویر افضل، اعزاز خان، کرسٹوفر کارٹر، ندیم احمد، اسکاٹ مکینزی، احسان خان احسان نواز اور کنچت شاہ پر مشتمل ہے۔

ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل کپتان سرفراز احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹیم کی تیاری مکمل ہے اور ایونٹ میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز احمد نے بتایا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی جائے گی، اور زیادہ سے زیادہ مجموعہ بنانے کی کوشش کی جائے گی جبکہ پہلے باؤلنگ کی صورت میں حریف ٹیم کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے.

ادھر ہانگ کانگ کی ٹیم بھی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور اس نے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں متحدہ عرب امارات کو اعصاب شکن مقابلے میں شکست دے کر ایشیا کپ میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا.

یہ بھی پڑھیں: ’میں کامران اکمل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہوں‘

یاد رہے کہ پاکستان اور ہانگ کانگ ایک روزہ کرکٹ میں اس سے قبل 2 مرتبہ مدمقابل آچکے ہیں، دونوں ہی مرتبہ گرین شرٹس کامیاب ہوئے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہانگ کانگ کے ایشیا کپ میں میچز کو بین الاقوامی میچز کا درجہ دیا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز گزشتہ روز بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوا جہاں بنگلہ دیش نے مشفق الرحیم کے شاندار 144 رنز کی بدولت سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے دی تھی.

پاکستان، ہانگ کانگ اور بھارت ایک ہی گروپ میں ہیں، جبکہ گرین شرٹس ایشیا کپ کے ابتدائی مرحلے میں اپنا دوسرا میچ بھارت کے خلاف 19 ستمبر کو کھیلیں گے.

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024