عباس کی تباہ کن باؤلنگ، پاکستان کو 281رنز کی برتری حاصل
محمد عباس کی شاندار باؤلنگ اور بلے بازوں کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 281رنز کی برتری حاصل کر لی۔
شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن شروع ہوا تو آسٹریلیا کے 20 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ تھے۔
دن شروع ہوا تو ایرون فنچ کا ساتھ دینے شان مارش آئے تاہم 36 رنز کے مجموعے پر محمد عباس نے مارش کو حارث سہیل کے کیچ کی مدد سے پویلین بھیج دیا جبکہ اسکور میں 20 رنز کے اضافے سے ٹریوس ہیڈ بھی عباس کی وکٹ بن گئے۔
مزید پڑھیں: فخرزمان پاکستان کے بدقسمت کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل
75کے مجموعے پر آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ گری جب مچل مارش 13 رنز بنانے بعد یاسر شاہ کے ہاتھوں پویلین لوٹے۔
دوسرے اینڈ پر موجود اوپنر ایرون فنچ کی ہمت بھی جواب دے گئی اور 85 کے مجموعے پر وہ 39رنز بنانے کے بعد بلال آصف کی اننگز میں پہلی وکٹ بنے جبکہ آف اسپنر نے صرف 6رنز کے اضافے سے آسٹریلین کپتان ٹم پین کو بھی رخصت کردیا۔
7وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید آسٹریلین ٹیم 100کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے لیکن مارنس لبوشین اور مچل اسٹارک نے 8ویں وکٹ کے لیے 37رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 128تک پہنچا دیا۔
کینگرو کی آٹھویں وکٹ 128 رنز پر گری جب مارنس لبوشین اسوقت بدقسمت ثابت ہوئے جب بیٹسمین کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر گیند یاسر شاہ کے ہاتھوں سے لگ کر وکٹوں میں جا لگی اور اس وقت لبوشین کا بلا ہوا میں تھا۔
ضرور پڑھیں: ’میرے اور مکی آرتھر کے درمیان اب کوئی اختلافات نہیں‘
نویں وکٹ بلال آصف کے حصے میں آئی جنہوں نے نیتھن لایون کو 2 رنز کے انفرادی اسکور پر کلین بولڈ کیا۔
مچل اسٹارک آؤٹ ہونے والے آخری آسٹریلین بلے باز تھے جنہیں محمد عباس نے 145 کے مجموعی اسکور پر نے پویلین بھیجا اور یوں قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 33رنز کے عوض 5وکٹیں لیں جبکہ بلال آصف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
137رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو محمد حفیظ اپنی 38ویں سالگرہ کے دن بھی ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف چھ رنز بنا کر مچل اسٹارک کی وکٹ بن گئے۔
اس موقع پر فخر زمان کا ساتھ دینے اظہر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 91رنز کی شراکت قائم کی۔
یہ بھی پڑھیں: ابوظہبی میں پاکستان کے 282رنز، سرفراز اور فخر سنچریوں سے محروم
فخر 7چوکوں سے مزین 66رنز رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد لایون کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد آسٹریلین ٹیم کی نپی تلی باؤلنگ کے باوجود حارث سہیل اور اظہر علی نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے دو وکٹ کے نقصان پر 144رنز بنا کر میچ میں مجموعی طور پر 281رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
اظہر 54 اور حارث 17رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کپتان سرفراز احمد اور پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فخر زمان کی 94، 94رنز کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے میچ کی پہلی اننگز میں 282رنز بنائے تھے۔